تحریک انصاف کا شیریں مزاری کی گرفتاری کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 مئ 2022
ملک بھر میں کارکنان کو پرامن اور بھرپور احتجاج کی ہدایات دے دیں، اسد عمرفوٹو:فائل

ملک بھر میں کارکنان کو پرامن اور بھرپور احتجاج کی ہدایات دے دیں، اسد عمرفوٹو:فائل

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے ڈاکٹر شیریں مزاری کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ ملک بھر میں کارکنان کو پرامن اور بھرپور احتجاج کی ہدایات بھی دے دیں۔

اسد عمر نے بیان میں کہا کہ امپورٹڈ حکومت مکمل طور پر بوکھلا چکی ہے، کارکنان کو ملک بھر میں ڈاکٹر مزاری کو غیرقانونی حراست میں لئے جانے پر بھرپور احتجاج کی ہدایات دے دی ہیں، بیرونی سازش سے مسلط حکومت نے اپنے دور کی ابتداء توہینِ مذہب کے شرمناک استعمال سے کی، گزشتہ شب بزدل امپورٹڈ سرکار نے اسلام آباد میں کارکنان کو ہراساں کرنے کی کوشش کی۔

اسدعمر نے کہا کہ ایک بیہودہ اور مضحکہ خیز مقدمے کے ذریعے ڈاکٹر مزاری کے اغواء سے قانون کی عملداری سے گھناؤنا مذاق کیا گیا، شیریں مزاری کو تمام قانونی تقاضے پامال کرتے ہوئے نہایت بھونڈے طریقے سے اغواء کیا گیا، امپورٹڈ حکومت کے آمرانہ ہتھکنڈے حقیقی آزادی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے، امپورٹڈ کٹھ پتلی سرکار کا جانا ٹھہر گیا ہے، امپورٹڈ سرکار ڈاکٹر مزاری کو فوری بازیاب کروائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔