شیریں مزاری پر مقدمہ عثمان بزدارکی حکومت میں درج کیا گیا، مریم نواز

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 مئ 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما کی گرفتاری پر کہا ہے کہ شیریں مزاری پر مقدمہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی حکومت میں درج کیا گیا۔ 

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ شیریں مزاری تو پکی چور ہیں، جب مجھے نوازشریف کے سامنے گرفتارکیا میرے اوپر تو کوئی الزام بھی نہیں تھا، مجھے ڈیتھ سیل میں رکھا، میں بے گناہ تھی، میرے خلاف آج تک یہ کوئی کیس ثابت نہیں ہوسکا۔

مریم نواز نے کہا کہ شیریں مزاری پر 800 کنال بوگس اراضی کا کیس ہے، اینٹی کرپشن نے انہیں کسی وجہ سے ہی گرفتار کیا ہوگا لیکن ان کی گرفتاری سے خوشی نہیں ہوئی، نیوز چینل سے پتہ چلا انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ نازیبا بیان پر کہا کہ عمران خان اب عورت کارڈ استعمال کر رہے ہیں، کیا عمران خان کا مالی صبح 6بجے طعنہ سننے کے لیےاٹھتا ہے، عمران خان نے محنت کشوں کا منہ ٹیڑھا کر کے مذاق اڑایا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے مظلومیت اور عورت کارڈ نہیں کھیلا اور کسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی، کہا گیا شہباز شریف نواز شریف پٹرول کی قیمتیں بڑھانے سے ڈرتے ہیں، نواز شریف عوام کا لاڈلہ ہے جس کو عوام بار بار لاتی ہے۔

ہر چیز کا ذمہ دار عمران خان ہے اس لیے بار بار نام لینا پڑتا ہے

عمران خان کی جانب سے نازیبا الفاظ کے استعمال پر مریم نواز نے کہا کہ ہر چیز کا ذمہ دار عمران خان ہے اس لیے بار بار اس شخص کا نام لینا پڑتا ہے ورنہ میں ایسے شخص کو پلٹ کر نہ دیکھوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔