گجرات میں پاکستانی نژاد ہسپانوی بہنیں’غیرت کے نام‘ پر قتل

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 مئ 2022
—فوٹو

—فوٹو

 لاہور: پنجاب کے شہر گجراب میں پاکستانی نژاد ہسپانوی بہنوں کو غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے بتایا کہ 24 سالہ انیسہ عباس اور 21 سالہ عروج عباس کے قتل کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور انہیں ممکنہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ دونوں پاکستانی نژاد ہسپانوی بہنیں اپنے پاکستانی شوہروں سے علحیدگی چاہتی تھیں اور انہیں اسپین سے گجرات زبردستی بلوایا گیا جہاں جمعہ کی رات کو گلہ گھونٹ اور فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

گجرات پولیس کے ترجمان نعمان حسن نے بتایا کہ مقتولین کے اہلخانہ نے انہیں چند دن کے لیے گجرات آنے پر زبردستی راضی کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ قتل غیرت کے نام پر ہوا لیکن اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں بہنوں پر ان کے پاکستانی شوہروں جو ان کے رشتے میں کزن بھی تھے، دباؤ تھا کہ اسپین میں ان کی آمد کے لیے سفارتی امور جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔

پولیس نے بتایا کہ مقتولین کے اہلخانہ کے 7 افراد قتل میں مطلوب ہیں، مذکورہ واقعہ پر مؤقف لینے کے لیے پاکستان میں ہسپانوی سفارتخانے سے ہفتے کو رابطہ نہیں ہوسکا۔

ہیومن رائٹس آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ برس غیرت کے نام پر 450 افراد کا قتل ہوا، مقتولین میں مرد بھی شامل ہیں لیکن خواتین کی تعداد سب سے زیادہ تھی۔ رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ متعدد قتل کے بارے میں پولیس بھی لاعلم ہوتی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا قتل کے واقعہ کا نوٹس 

وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے گجرات کے تھانہ گلیانہ کی حدود میں دو بہنوں کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے، ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔