اسرائیل کا دمشق پر راکٹ حملہ، 3 فوجی اہلکار جاں بحق

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 مئ 2022
[فائل-فوٹو]

[فائل-فوٹو]

دمشق: شام کے دارالحکومت دمشق کے جنوبی علاقوں میں “اسرائیلی راکٹ حملے میں 3 فوجی اہلکار جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے ہیں۔

شام کے سرکاری صنعا نیوز ایجنسی نے فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ راکٹ حملہ جمعے کی رات ہوا اور اسے گولان کی پہاڑیوں سے لانچ کیا گیا جس کے نتیجے میں تین اہلکار جاں بحق، 4 زخمی اور مادی نقصان بھی ہوا۔

فوجی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ہمارے فضائی دفاع نے اسرائیلی راکٹوں کا مقابلہ کیا اور ان میں سے بیشتر کو مار گرانے میں کامیاب ہوئے۔

دوسری جانب سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ حملے میں ایرانی ملیشیا کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ آبزرویٹری نے بتایا کہ حملے میں جاں بحق ہونے والے شامی فضائی دفاع کے تین شامی اہلکار ہیں جبکہ چار دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ شامی علاقوں پر یہ حملہ رواں سال کا 13 واں اسرائیلی حملہ ہے۔ اس سے قبل 13 مئی کو اسرائیل نے میزائل حملہ کیا تھاجس میں وسطی شام میں پانچ افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ دوسرا حملہ 27 اپریل کو دمشق کے قریب کیا گیا جس میں چھ شامی فوجیوں سمیت 10 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔