پنجاب اسمبلی کے عہدیداروں کے خلاف کارروائی شہباز شریف کے حکم پر ہوئی، پرویز الٰہی

ویب ڈیسک  اتوار 22 مئ 2022
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 لاہور: ق لیگ نے پنجاب اسمبلی کے عہدے داروں کے خلاف پولیس کارروائی کی مذمت کردی، چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ حکومت کا یہ ایکشن فسطائیت ہے جب کہ پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ساری کارروائی شہباز شریف کے حکم پر ہوئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے پنجاب اسمبلی کے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو گرفتار کرنے، محمد خان بھٹی اور عنایت اللہ لک کے گھر چھاپوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساری کارروائی شہباز شریف کے حکم پر ہورہی ہے کیوں کہ انہیں معلوم ہے کہ حمزہ شہباز کے پاس پورے نمبرز موجود نہیں۔

یہ پڑھیں :  پنجاب اسمبلی اجلاس؛ ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو پولیس نے گرفتار کرلیا

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے سینئر آفیسرز کی گرفتاری اور چھاپے حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہیں، غیر آئینی اور جعلی حکومت آئین اور قانون کے خلاف اقدامات کر رہی ہے، شریفوں کا چہرہ قوم کے سامنے آرہا ہے۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ تمام ارکان اسمبلی آج ایوان میں ضرور پہنچیں، انہیں ایوان میں داخل ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا، پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ضرور ہوگا، دیکھتے ہیں ہمیں ایوان میں داخل ہونے سے کون روکتا ہے۔

ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ حکومت کا یہ ایکشن فسطائیت ہے، اسمبلی کے ایوان کا تقدس پامال کرنے کے بعد حکومت کے نئے ہتھکنڈے سامنے آرہے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔