پاکستانی نژاد ہسپانوی بہنوں کے قتل میں ملوث 6 ملزمان گرفتار

ویب ڈیسک  اتوار 22 مئ 2022
(فوٹو: ایکسپریس نیوز)

(فوٹو: ایکسپریس نیوز)

 لاہور: پنجاب کے شہر گجرات میں پاکستانی نژاد ہسپانوی بہنوں کے قتل میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ڈی پی او گجرات عطاء الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز غیرت کے نام پر قتل کی گئیں دونوں بہنیں خاندان میں اپنی زبردستی شادیوں کے خلاف تھیں جس پر مبینہ طور پر بھائی اور چچا نے قتل کیا، گرفتار ملزمان میں مرکزی ملزم شہریار (بھائی)، محمّد حنیف (چچا)، قاصد، عتیق، حسن اور اسفند یار شامل ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ تفتیش کو ہر پہلو سے آگے بڑھایا جارہا ہے، ملزمان نے ابتدائی طور پر قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔

گزشتہ روز پنجاب کے شہر گجرات میں پاکستانی نژاد ہسپانوی بہنوں 24 سالہ انیسہ عباس اور 21 سالہ عروج عباس کو غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: گجرات میں پاکستانی نژاد ہسپانوی بہنیں’غیرت کے نام‘ پر قتل

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں پاکستانی نژاد ہسپانوی بہنیں اپنے پاکستانی شوہروں سے علحیدگی چاہتی تھیں اور انہیں اسپین سے گجرات زبردستی بلوایا گیا جہاں جمعہ کی رات کو گلہ گھونٹ اور فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے گجرات کے تھانہ گلیانہ کی حدود میں دو بہنوں کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔