وزیر اعظم نے بلیغ الرحمٰن کو گورنر پنجاب لگانے کی دوسری سمری صدر کو ارسال کردی

ویب ڈیسک  اتوار 22 مئ 2022
نئے گورنر پنجاب کے لیے بلیغ الرحمٰن ہی موزوں ہیں، شہباز شریف

نئے گورنر پنجاب کے لیے بلیغ الرحمٰن ہی موزوں ہیں، شہباز شریف

 اسلام آباد:  وزیر اعظم شہباز شریف نے بلیغ الرحمان کو گورنر پنجاب بنانے کی دوسری سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رواں ماہ 7 مئی کو وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر  پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے بلیغ الرحمن کا نام گورنر پنجاب کے لئے صدرمملکت کو ارسال کیا گیا تھا، تاہم صدر مملکت نے وزیراعظم کی ارسال کی گئی سمری کو مسترد کرتے ہوئے جواب دیا تھا کہ عمر سرفراز چیمہ اب بھی گورنر پنجاب کے عہدے پر فائز ہیں، نئی تقرری کا کوئی جواز نہیں، آئین کے آرٹیکل 101 (2) کے تحت “گورنر صدر کی خوشنودی تک عہدے پر فائز رہے گا، موجودہ  ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ موجودہ گورنر اپنے عہدے پر برقرار رہیں، وزیراعظم شہباز شریف آئین کے آرٹیکل 48 (1) کے مطابق گورنر پنجاب کی تقرری کے حوالے سے اپنی ایڈوائس پر نظرثانی کریں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  بلیغ الرحمن کو گورنر پنجاب بنانے کا فیصلہ

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر بلیغ الرحمان کو پنجاب کا گورنر بنانے کی سمری صدرِ مملکت عارف علوی کو بھیج دی ہے، وزیراعظم کی جانب سے ارسال نئی سمری میں بھی بلیغ الرحمٰن کو گورنر پنجاب لگانے کی سفارش کی گئی ہے۔ جس میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ نئے گورنر پنجاب کے لیے بلیغ الرحمٰن ہی موزوں ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: گورنر پنجاب کی نئی تقرری کا کوئی جواز نہیں

 

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پچھلی حکومت نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو عہدے سے برطرف کرکے عمر سرفراز چیمہ کو گورنر بنایا تھا۔ عمر چیمہ نے ن لیگ کی نئی حکومت کے لیے کئی مشکلات کھڑی کیں اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لینے سے انکار کردیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔