امریکا میں پاکستانی نے بیوی، بیٹی اور ساس کو قتل کرکے خودکشی کرلی

ویب ڈیسک  اتوار 22 مئ 2022
میاں نیوی کے درمیان طلاق کا معاملہ چل رہا تھا، فوٹو: فائل

میاں نیوی کے درمیان طلاق کا معاملہ چل رہا تھا، فوٹو: فائل

ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس میں مشتعل شخص نے بیوی، بیٹی اور ساس کو قتل کرنے بعد خود کو بھی گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں مبینہ طور پر طلاق کے لیے کورٹ سے رجوع کرنے والی خاتون کو ان کے شوہر نے بیٹی اور ساس کے ہمراہ گولی مار کر قتل کردیا۔

ٹیکساس پولیس چیف کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر 4 لاشیں پڑی تھیں جب کہ خود کار پستول اور گولی کے خول بھی برآمد ہوئے۔ شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ خاتون ملازمت پر جارہی تھیں اور بیٹی بھی ہمراہ تھی اس وقت شوہر آیا اور گولیاں چلادیں۔

دونوں کو بچانے کے لیے ساس آئیں تو سفاک ملزم نے انھیں بھی گولی مار کر قتل کردیا اور بعد ازاں خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔ میاں بیوی علیحدہ رہتے تھے اور بیوی نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ چاروں کا تعلق جنوبی ایشیائی ملک سے ہے تاہم پولیس نے مقتولین اور قاتل کی شناخت ظاہر نہیں کی۔

ہلاک ہونے والوں کی نماز جنازہ اسلامک سوسائٹی ہوسٹن میں ادا کی گئی۔ انتظامیہ نے مقتولین کی شناخت قاتل کی اہلیہ سعدیہ منظور،بیٹی خدیجہ محمد اور ساس عنایت بی بی کے نام سے ظاہر کی ہے تاہم قاتل کا نام ظاہر نہیں کیا۔

اسلامک سوسائٹی کے مطابق ان سب کا تعلق پاکستان سے ہے تاہم پولیس کی جانب سے تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔