عمران خان کو ملک میں انتشار پھیلانے نہیں دیں گے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  اتوار 22 مئ 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کے حوالے سے کہا ہے کہ عمران خان کوملک میں انتشار پھیلانے نہیں دیں گے، وہ خانہ جنگی چاہتا ہے تو یہ اس کی بھول ہوگی۔ 

پاکستان کدنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ لاہور کے دورہ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کسی ایک کو گھر یا نوکری نہیں دی اور ان کے پاس ایک لمحہ نہیں تھا کہ عوام کی فکر کریں لیکن عوام سے جھوٹے وعدے کئے۔

شہباز شریف نے عمران خان کومخاطب کرکے کہا کہ آپ کو معافی نہیں ملے گی عوام کا ہاتھ اپ کے گریبان پر ہوگا، نیب الٹا ہوگیا ایک دھیلے کی کرپشن نہیں نکال سکا، عمران خان کے پاس گالم گلوچ کے علاوہ کسی کام کیلئے فرصت نہیں تھی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان نے ساری توجہ اپنے سیاسی مخالفین کو جیل میں ڈالنے پر دی، پچھلی حکومت کی پتھر دلی کی وجہ سے تین سال ضائع ہوگئے۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم نے نو منتخب پی کے ایل آئی بورڈ کے چئرمین ڈاکٹر سعید اختر کو مبارکباد دی اور ہدایت کی کہ پی کے ایل آئی کے مالی معاملات کو مستحکم کرنے کے لئے اچھی شہرت کے حامل مالی مشاورتی ادارے کی خدمات حاصل کی جائیں۔

انہوں نے کہاکہ مریضوں کے اسکریننگ سینٹرز کو پورے پنجاب میں فعال کیا جائے تاکہ عوام کو طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔