پاکستان میں منکی پاکس پھیلنے کا خدشہ، ہائی الرٹ جاری

ویب ڈیسک  پير 23 مئ 2022
بیماری کے پھیلاؤ سے بچنے کے لئے سرویلئینس بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے،محکمہ صحت سندھ:فوٹو:فائل

بیماری کے پھیلاؤ سے بچنے کے لئے سرویلئینس بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے،محکمہ صحت سندھ:فوٹو:فائل

 اسلام آباد: پاکستان میں منکی پوکس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر قومی ادارہ صحت نے حکام اور ملک بھر کے اسپتالوں کو ہائی الرٹ کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق برطانیہ، امریکا اور یورپی ممالک میں منکی پاکس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد پاکستان میں بھی ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے، منکی پاکس کی علامات میں بخار، سر درد، پٹھوں میں درد اور تھکاوٹ ہوسکتی ہے۔

قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری ہائی الرٹ میں کہا گیا کہ تمام سرکاری اور نجی اسپتال ائسولیشن اور علاج کے لیے تیاری کو یقینی بنائیں قومی ادارہ صحت منکی پاکس کی مونیٹرنگ کر رہا ہے، تمام فریقین کو اپ ڈیٹ کیا جاتا رہے گا۔

اس حوالے سے صوبائی اور قومی سطح پر تمام متعلقہ ادارے اور حکام سمیت مانیٹرنگ پوائنٹ آف اناڑی پر سینٹرل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ کسی بھی مشتبہ کیس کےلیے ہائی الرٹ رہیں۔

قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کے پھیلاؤ کو روکنے کےلیے احتیاطی تدابیر، بروقت تشخیص اور اقدام ضروری ہے۔

واضح رہے کہ منکی پاکس کے کیسز ایسے ممالک میں سامنے آئی جہاں اس کا پھیلاوٴ نہیں تھا، برطانیہ ،اسپین ، کینیڈا میں اب تک منکی پاکس کے 92 مستند اور 82 مشتبہ کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔

قوی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کا مرض متاثرہ شخص، جانور یا ایسے مواد جس میں منکی پاکس کے جراثیم ہوں کو چھونے سے لاحق ہوتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق وائرس جسم میں کٹی جلد ،سانس کے راستے ،آنکھ ،ناک اور کان کے راستے جسم میں داخل ہو سکتا ہے اور متاثرہ انسان سے دوسرے انسان میں بھی منتقل ہوسکتا ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بخار کے پہلے دن سے تیسرے دن کے دوران خارش شروع ہوتی ہے اور معمولاً چہرے پر شروع ہونے والی خارش بدن پر پھیل جاتی ہے۔

اس مرض کا دورانیہ 7 سے 14 دن کا ہوتا ہے لیکن 21 دن تک بھی جا سکتا ہے اور دو سے چار ہفتے بھی رہ سکتا ہے۔

خیال رہے کہ محکمہ صحت سندھ نے منکہ پاکس پھیلنے سے خدشے کے پیش نظر پہلے ہی ہائی الرٹ جاری کررکھا ہے۔

محکمہ صحت کی جانب سے حکام کو بیماری کے پھلاؤ سے بچنے اور روک تھام کے لئے لیبارٹری اور نگرانی کے عمل کو بڑھانے اور وبا سے متاثرہ ممالک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کی ہدایت کی گئی ہے۔

امریکا، برطانیہ، پرتگال اوراسپین سمیت مختلف ممالک میں منکی پوکس کے کیسز سامنے آئے ہیں۔ منکی پاکس کی علامات میں جلد پردانے، بخار،سردرد شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔