کراچی میں زنجیروں سے بندھی بچی بازیاب، ماں اور سوتیلا باپ گرفتار

اسٹاف رپورٹر  پير 23 مئ 2022
بچی پرتشدد کی آوازیں محلے داروں نے سنی تھیں

بچی پرتشدد کی آوازیں محلے داروں نے سنی تھیں

 کراچی: اورنگی ٹاؤن پولیس نے گھرمیں تشدد کا نشانہ بنائی جانے والی8 سالہ بچی کو بازیاب کرکے بچی کو تشدد کا نشانہ بنانے والے سوتیلے باپ اوراس کی سگی ماں کوگرفتارکرلیا۔

پولیس نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر8 بی داتا نگرمیں واقع مکان558 میں کارروائی کرتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنائی جانے والی 8 سالہ بچی کو بازیاب کرا لیا جبکہ کارروائی میں سوتیلے باپ جاوید اور سگی ماں نازیہ کو گرفتار کرلیا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن عتیق آفریدی نے ایکسپریس کو بتایا کہ گرفتار سوتیلے باپ نے بازیاب کرائی گئی بچی کو گھر میں زنجیر سے باندھ کر رکھا ہوا تھا اوراسے بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا کرتا تھا۔

بچی پرتشدد کی آوازیں محلے داروں نے سنی تھیں اور واقعے کی اطلاع پولیس کودی جس پر پولیس نے کارروائی کی۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ سوتیلا باپ بچی کےبارے میں اہل محلہ کو کہتا تھا کہ بچی کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے بھاگ جاتی ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ بازیاب کرائی جانے والی بچی ذہنی طور پر مکمل صحت مند ہے اور وومن پولیس اسٹیشن منتقل کردی گئی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم جاوید کے اپنے بھی چار بچے ہیں لیکن وہ انہیں کچھ نہیں کہتا تھا صرف سوتیلا ہونے کی وجہ سے اسی بچی کو تشدد کا نشانہ بناتا تھا ، گرفتار ملزم پیشے کے لحاظ سے مزدور ہے ۔

بعدازاں پولیس نے گرفتارسوتیلے باپ اور سگی ماں کے خلاف اہل محلہ کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 2022/259 بجرم دفعہ 328اے اور342 کے تحت درج کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔