پاکستان اور سری لنکن ویمن ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی کل ہوگا

اسپورٹس رپورٹر  پير 23 مئ 2022
تین میچز کی سیریز کے ابتدائی مقابلے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

تین میچز کی سیریز کے ابتدائی مقابلے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

 کراچی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ویمن ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ منگل کو کھیلا جائے گا۔

اسپنرز کے لیے ساز گار وکٹ پر پاکستان کو حریف ٹیم کے خلاف ہوم گراونڈ اور کنڈیشنز کا فائدہ ہوگا، نئی کرکٹرز پر انحصار کرنے والی مہمان ٹیم اپنی فاسٹ بولر اودیشکا پرابو دھانی کی خدمات سے محروم ہوں گی۔

ساوتھ اینڈ کلب گراونڈ، ڈی ایچ اے پر شیڈول تین میچز کی سیریز کے ابتدائی مقابلے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی، میچ میں ٹاس اہم ہوگا، گرمی کی شدت میں کمی اور شام میں سمندری ہوائیں چلنے سے کھلاڑیوں کو قدرے ریلیف ملے گا، تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کے امتزاج والی پاکستان ویمن ٹیم کو سری لنکا کے خلاف نفسیاتی دباو حاصل ہوگا۔

فٹنس کے مسائل سے دوچار اور ہٹرز کی کمی کا شکار میزبان ٹیم اسپنرز کے لیے ساز گار وکٹ پر اپنی تجربہ کار بیٹرز کپتان بسمہ معروف اور ندا ڈار پر انحصار کرے گی، پہلی مرتبہ اسکواڈ میں جگہ بنانے والی گل فیروزہ بھی امیدوں کا مرکز ہوں گی۔

فاسٹ بولنگ میں 35 سالہ  ڈائنا بیگ کو نوجوان فاطمہ ثنا کی معاونت حاصل ہوگی جبکہ ٹیم میں واپس آنے والی اسپنر سعدیہ اقبال اور پہلی کیپ پانے والی طوبیٰ حسن کا اسپن بولنگ میں امتحان ہوگا۔

دوسری جانب سری لنکا ویمن ٹیم میں کپتان چماری اتاپو واحد سینئر اور تجربہ کار کھلاڑی ہیں، مہمان ٹیم کو اودیشکا پرابو دھانی کی عدم دستیابی سے شدید دھچکہ لگا ہے، دبئی میں انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی لیگ کے دوران کوویڈ19 کا شکار ہونے والی فاسٹ بولر سیریز سے باہر ہوگئی ہیں جس کے بعد تمام تر دباو اوشادی راناسنگھے پر ہوگا۔

تاہم اسپنرز انوکا رانا ویرا، نسانسالہ اور سوگندیکا کماری کچھ بھی کرسکتی ہیں، 20 سالہ امیشا دلہانی کو کیپ ملنے کی توقع ہے، دوپہر 2 بجے شروع ہونے والے میچ کا ٹاس نصف گھنٹے قبل ہوگا۔

آصف یعقوب اور فیصل آفریدی آن فیلڈامپائرز، امتیاز اقبال ریزرو امپائر اور علی نقوی میچ ریفری ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔