تربت؛ چینی قافلے پر مبینہ حملے کی کوشش میں گرفتار ملزمہ کی ضمانت منظور

اسٹاف رپورٹر  پير 23 مئ 2022
فوٹو، ایکسپریس نیوز

فوٹو، ایکسپریس نیوز

 کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں سی پیک روٹ پر چینی قافلے کو مبینہ نشانہ بنانے کی کوشش میں گرفتار ہونے والی ملزمہ نور جہاں کی ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مبینہ خودکش بمبار کو گزشتہ دنوں بلوچستان کے شہر تربت سے گرفتار کیا گیا تھا جس پر الزام ہے کہ وہ سی پیک روٹ پر چینی قافلے پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کررہی تھی۔

مبینہ حملہ آورخاتون کی درخواست ضمانت 5،5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی گئی۔

یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی فورس(سی ٹی ڈی) اور وومن پولیس نے خفیہ اطلاع پر تربت کے علاقے ہوشاب میں آپریشن کرکے نور جہاں کو گرفتار کیا تھا۔ قانونی نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا تھا کہ ملزمہ کے قبضے سے دھماکا خیز مواد اور ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام نے کہا تھا کہ مبینہ حملہ آور کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے مجید بریگیڈ سے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔