کابینہ اور بیوروکریسی کا نیب کو ختم کرنے پراتفاق

ظفر بھٹہ  منگل 24 مئ 2022
نیب آرڈیننس میں ترمیم کریں، مقدمے بازی میں شفافیت لائیں، بعض ارکان کی مخالف۔ فوٹو: فائل

نیب آرڈیننس میں ترمیم کریں، مقدمے بازی میں شفافیت لائیں، بعض ارکان کی مخالف۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی کابینہ اور اعلیٰ بیوروکریسی نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو ختم کرنے کیلیے اتفاق کیا ہے جو مبینہ طور پر بیوروکریسی کو ڈرانے، سیاسی اپوزیشن کو ستانے اور کاروباری برادری کو ہراساں کرنے کیلیے استعمال کیا جاتا ہے۔

کابینہ کے بعض ارکان اور بیوروکریٹس نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے مقدمے بازی کے عمل میں شفافیت لانے کیلیے نیب آرڈیننس میں ترمیم کرنے کی سفارش کی ہے۔کابینہ ارکان نے نیب کی زیادتیوں، ناانصافیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ساتھ قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کی تجویز دی ہے۔

وزیر قانون و انصاف نے کابینہ کے حالیہ اجلاس کے دوران روشنی ڈالی کہ قومی احتساب (ترمیمی) آرڈیننس 2021 کی میعاد 2 جون  کو ختم ہو رہی ہے اور آئین کے تحت اس میں مزید توسیع نہیں کی جا سکتی۔

انھوں نے کہا یہ مناسب وقت ہے  ترامیم پر نظرثانی کی جائے۔کابینہ کے ارکان نے اس  پر اتفاق کیا کہ نیب نے احتساب کے بجائے صرف ہراساں کرنے کے آلے کے طور پر کام کیا ہے۔نیب افسران نے سیاستدانوں، سرکاری ملازمین اور نامور تاجروں کے ساتھ جو سلوک کیا وہ انتہائی اذیت ناک اور توہین آمیز تھا۔یہاں تک کہ نجی محفلوں میں سرکردہ شخصیات کی ان افسران کے ہاتھوں تذلیل کی خبریں بھی آئی تھیں۔

کابینہ کے بعض ارکان کا موقف تھا  صوبوں میں انسداد بدعنوانی کے اداروں اور وفاقی سطح پر ایف آئی اے کی موجودگی میں احتسابی ادارے کی ضرورت نہیں  لہٰذا نیب ختم کر دیا جائے۔بیوروکریسی کے کچھ نمائندوں نے بھی نیب کو ختم کرنے کی حمایت کرتے ہوئے خیال ظاہرکیا کہ یہ ادارہ اصلاحات سے بالاتر ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔