کانز فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ ‘کی نمائش کیلئے پیش

ویب ڈیسک  منگل 24 مئ 2022
پاکستانی ہدایتکار صائم صادق کی مختصر فلم ’جوائے لینڈ‘ کا ورلڈ پریمیئرگزشتہ روز ہوا(فوٹو بشکریہ اے ایف پی)

پاکستانی ہدایتکار صائم صادق کی مختصر فلم ’جوائے لینڈ‘ کا ورلڈ پریمیئرگزشتہ روز ہوا(فوٹو بشکریہ اے ایف پی)

فرانس: فرانس میں جاری دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے ’’ کانز فلم فیسٹیول‘‘ میں پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ جگہ
بنانے میں کامیاب ہوگئی۔

پاکستانی ہدایتکار و لکھاری صائم صادق کی مختصر فلم ’جوائے لینڈ‘ کا ورلڈ پریمیئر گزشتہ رات کانز فلم فیسٹیول میں کیا گیا جہاں فلم کی کاسٹ ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوئی۔

جوائے لینڈ کی کہانی ایک خواجہ سرا کی زندگی کے گرد گھومتی ہے، پروڈیوسر سرمد کھوسٹ اور اپوروا چرن کی اس فلم میں ثروت گیلانی، ثانیہ سعید، علی جونیجو، علینہ خان، اورسفینہ جعفری نے بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا۔

کانز فلم فیسٹیول میں پریمیئر ہونے والی پاکستانی فلم کی کاسٹ کی تصویر فیسٹیول کے آفیشل انسٹا گرام ہینڈل پربھی شیئرکی گئی جبکہ اداکارہ ثروت گیلانی نے بھی کانز کے ریڈ کارپٹ سے اپنی تصویر شیئر کی۔

اداکارہ ثروت گیلانی نے اس تصویر کی کیپشن میں لکھا کہ ’’پرچم یادگار ہے۔ یہ میری، میری سرزمین، میری جدوجہد اور میری ثقافت کی نمائندگی کرتا ہے۔ بحیثیت فنکار میں جو ہوں اس کا مجسمہ ہوں اوراس کی نمائندگی کرنا ایک خواب پورا ہونے کے مترادف ہے۔

یہ ان تمام لوگوں کے لیے ہے جو مجھ پر یقین رکھتے ہیں، ان لوگوں کے لیے جنہوں نے میرا ساتھ دیا اور میرے شاندار لوگوں کی سرزمین کے لیے‘‘۔

 

 

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Sarwat G (@sarwatg)


اس سے قبل اداکارہ ثانیہ سعید نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فلم کے پریمیئر سے ایک دن قبل فلم کی دیگر کاسٹ کے ہمراہ تصویر شیئر کی تھی۔

یاد رہے کہ 17 مئی سے شروع ہونے والا ’’کانز فلم فیسٹیول‘‘ 28 مئی تک جاری رہے گا جس میں دنیا بھر کی فلم انڈسٹریز کے اداکار ، ہدایتکار اور پروڈیوسرز شرکت کر رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔