اسلام آباد ہائیکورٹ کا شیخ رشید کو عدالت پہنچنے پر مکمل سہولت فراہم کرنے کا حکم

ویب ڈیسک  منگل 24 مئ 2022
فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

 اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو عدالت پہنچنے پر مکمل سہولت فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی ہراساں کرنے کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی۔ وکیل شیخ رشید نے عدالت کو بتایا کہ شیخ رشید کے گھر پر بھی پولیس ہے ان کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔

عدالت نے وکیل کا موقف سننے کے بعد کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

شیخ رشید نے درخواست میں استدعا کی تھی کہ مجھے ہراساں کیا جا رہا ہے لہٰذا عدالت ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دے۔ درخواست میں سیکریٹری داخلہ، ایف آئی اے، آئی جی اسلام آباد، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی سی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا۔

واضح رہے کہ رات گئے پولیس کی بھاری نفری نے چھاپا مارا تھا لیکن لال حویلی میں شیخ رشید اور شیخ راشد شفیق موجود نہیں تھے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد سے پارٹی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔