پی ٹی آئی کے 55 گرفتار رہنما و کارکنان اڈیالہ جیل منتقل

ویب ڈیسک  بدھ 25 مئ 2022
[فائل-فوٹو]

[فائل-فوٹو]

 اسلام آباد: پی ٹی آئی کے خلاف پولیس کے کریک ڈاؤن کے دوران 55 گرفتار شدہ عہدیداران و کارکنان کو سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی لانگ مارچ کو ناکام بنانے کی خاطر پولیس کے کریک ڈاؤن میں گرفتار ہوئے پی ٹی آئی کے 55 سرکردہ عہدیداران و کارکنوں کو سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔

تمام رہنما و کارکنان نقص امن کے خدشے کے پیش نظر 3 ایم پی او کے تحت حراست میں لیے گئے ہیں۔ حکومت نے پی ٹی آئی کے غلامی نامنظور، حقیقی آزادی لانگ مارچ کو سختی سے روکنے کا فیصلہ کیا ہے جسکے تحت پیر اور منگل کی درمیانی شب جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے سرکردہ عہدیداران و کارکنوں کی گرفتاریوں کے لیے کریک ڈاون شروع کردیا گیا جو منگل و بدھ کی شب گئے بھی جاری رہا۔

کریک ڈاون میں ایک سو سے زائد عہدیداران و کارکنوں کو گرفتار کرکے مختلف تھانوں میں بند رکھا گیا ہے جبکہ گرفتار کیے جانے والوں میں 55 عہدیدران و کارکنوں کو منگل کو کڑی سیکورٹی میں سینڑل جیل اڈیالہ راولپنڈی منتقل کردیاگیا۔

جیل منتقل کیے جانے والوں میں سے اکثریت کو اسلام آباد انتظامیہ و پولیس نے جیل منتقل کیا زرائع کا کہنا تھا کہ تمام 55 کارکنوں کو 3 ایم پی او کے تحت احکامات کے ساتھ جیل منتقل کیاگیا یے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔