بابر اعظم نے مڈل آرڈر کو مضبوط کرنے کیلیے پلان بنالیے

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 25 مئ 2022
کین ولیمسن، اسٹیون اسمتھ یا مارنس لبوشین نہیں میرا خود سے مقابلہ ہے (فوٹو: کرک انفو)

کین ولیمسن، اسٹیون اسمتھ یا مارنس لبوشین نہیں میرا خود سے مقابلہ ہے (فوٹو: کرک انفو)

لاہور: بابر اعظم نے مڈل آرڈر کو مضبوط کرنے کیلیے پلان بنالیے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ میں ہمارا مڈل آرڈر کا مسئلہ اتنا بڑا بھی نہیں ہے لیکن ہمیں اسے مضبوط بنانا ہوگا،کھلاڑی اس کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں، اتنا پریشان نہیں ہونا چاہیے، مڈل آرڈر کو مضبوط کرنے کے لیے کئی پلان بنائے ہیں، شاداب خان اور محمد نواز ٹیم میں واپس آ گئے ہیں اس سے فائدہ ہوگا، شاداب کو ابتدائی نمبرز پر کھلانے کا بھی فیصلہ کرسکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ میرا ولیمسن، اسٹیون اسمتھ یا مارنس لبوشین سے نہیں خود سے مقابلہ ہے ، اس کے لیے میں دگنی محنت کرتا ہوں، روز کچھ نہ کچھ سیکھتا ہوں، سیکھنے کا عمل جاری رہتا ہے اور آگے بھی سیکھتا رہوں گا، میں اپنی نمبر ون پوزیشن سے صرف لطف اندوز نہیں ہورہا بلکہ مزید محنت کر رہا ہوں، اپنے اعزاز کو برقرار رکھنا ایک چیلنج ہوتا ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ کپتانی ایک چیلنج مگر بہت بڑا اعزاز بھی ہے، جب کپتان بنا تو ہدف تھا کہ ایک ایسی ٹیم بناؤں کہ قیادت چھوڑ کر جاؤں تو دنیا یاد رکھے،میں4،5 کھلاڑی ایسے دے کر جانا چاہتا ہوں جو سب کے رول ماڈل ہوں، کپتانی میں میرے آئیڈیل عمران خان ہیں،وہ کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ کرتے تھے،میں ان کی قیادت سے سیکھتا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ ہم نئے سیزن کا آغاز ویسٹ انڈیزسے سیریزمیں فتح کے ساتھ کرنے کیلیے پْرعزم ہیں، دورئہ سری لنکا، انگلینڈ سے سیریز، ورلڈکپ پھر نیوزی لینڈ کے خلاف میچز میں بھی جوش اور جذبے کے ساتھ گذشتہ سیزن کی بہتر کارکردگی دہرائیں گے، ورلڈکپ سے پہلے نیوزی لینڈ میں جاکر کھیلنے کا موقع ملے تو بہتر ہوگا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔