سیاسی کشیدگی کرکٹ کی رونقیں اُجاڑنے لگی

عباس رضا  بدھ 25 مئ 2022
لاجسٹک امور مکمل کرنے کیلیے وینیو کا بروقت فیصلہ ضروری،تاخیر کی صورت میں انتظامی مشکلات بڑھ جائیں گی۔ فوٹو: فائل

لاجسٹک امور مکمل کرنے کیلیے وینیو کا بروقت فیصلہ ضروری،تاخیر کی صورت میں انتظامی مشکلات بڑھ جائیں گی۔ فوٹو: فائل

لاہور: سیاسی کشیدگی کرکٹ کی رونقیں اجاڑنے لگی جب کہ لانگ مارچ نے کنڈیشننگ کیمپ شارٹ کردیا۔

لاہور میں کنڈیشننگ کیمپ کا پہلا مرحلہ 25مئی تک جاری رہنا تھا مگر لانگ مارچ کی وجہ سے پیدا شدہ حالات میں گذشتہ روز ہی ختم کردیا گیا، دوسرا مرحلہ 26 مئی سے 10 جون تک لاہور میں ہی شیڈول کیا گیا تھا، اسے بھی غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرنا پڑا، دوسری جانب سدرن پنجاب اور ناردرن کی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ٹرائلز بھی ملتوی ہو گئے، سندھ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ٹرائلز کا شیڈول بھی تبدیل کیا جا رہا ہے، کنڈیشننگ کیمپ اور ٹرائلز کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز سے ہوم ون ڈے سیریز پر بھی خدشات کے بادل منڈلانے لگے ہیں، انٹرنیشنل میچز سے قبل لاجسٹک امور مکمل کرنے کیلیے وینیو کا بروقت فیصلہ ضروری ہوگیا،تاخیر کی صورت میں انتظامی مشکلات بڑھ جائیں گی،سیاسی اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا فی الحال کچھ کہا نہیں جاسکتا، پی سی بی کا کہنا ہے کہ ہم ویسٹ انڈیز سے ہوم سیریز شیڈول کے مطابق کرانے کیلیے پْر امید ہیں۔

’’ایکسپریس‘‘ کے استفسار پر ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے بتایا کہ التوا کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، پہلی ترجیح بھی راولپنڈی ہے، بیک اپ کے طور پر ملتان کو رکھا گیا گیا ہے، پاکستان میں کوئی بھی ایونٹ کرانا ہو مقامی انتطامیہ کی معاونت کے بغیر ممکن نہیں ہوسکتا،جس وینیو کے حوالے سے گرین سگنل ملا وہاں میچز کرائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فیصلوں کیلیے وقت کم ضرور ہے،یکم جون سے پاکستان ٹیم کا کیمپ لگے گا،ویسٹ انڈین ٹیم کی 5 جون کو آمد ہوگی، ان کو کہاں پہنچنا ہے بکنگ سے پہلے جاننا ضروری ہوگا،براڈ کاسٹرز اور ان کا سازوسامان بھی بروقت پہنچنا ہے، اس کیلیے بھی جاننا ضروری ہوگا کہ راولپنڈی یا ملتان کہاں پہنچایا جائے گا،ہوٹل سمیت لاجسٹک ضروریات کا بھی انتظام کرنا ہوتا ہے،امید ہے کہ رواں ہفتے کے آخر تک حکومت کی جانب سے رہنمائی کردی جائے گی اور سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔