امریکی صدر کے دورے کے اختتام پر شمالی کوریا کے 3 میزائل تجربات

ویب ڈیسک  بدھ 25 مئ 2022
رواں برس یہ 17 واں میزائل تجربہ ہے، فوٹو: فائل

رواں برس یہ 17 واں میزائل تجربہ ہے، فوٹو: فائل

سیئول: شمالی کوریا نے عالمی پابندیوں کے باوجود ایک بار پھر میزائل تجربات کیے اور یہ اس وقت کیے جب امریکی صدر جوبائیڈن جنوبی کوریا اور جاپان کے دو روزہ دورے کے بعد اپنے ملک کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر کے جنوبی ایشیائی ممالک کے دورے کے اختتام پر شمالی کوریا نے اپنے مشرقی ساحلی علاقے میں میزائل تجربات کیے۔ یہ تین میزائل تجربات ممکنہ طور پر بیلسٹک میزائل تجربات تھے۔

جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف نے الزام عائد کیا ہے کہ شمالی کوریا نے 3 بیلسٹک میزائل تجربات کیے ہیں جن میں سے ایک ممکنہ طور پر بین البراعظمی میزائل تجربہ ہے جب کہ شمالی کوریا پر اقوام متحدہ نے میزائل تجربات پر پابندی عائد ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس شمالی کوریا کا یہ 17 واں میزائل تجربہ تھا جب کہ امریکا اور جنوبی کوریا نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ شمالی کوریا جلد جوہری تجربہ کرنے جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔