پی ٹی آئی کے 20 ڈی سیٹ ارکان اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری

ویب ڈیسک  بدھ 25 مئ 2022
 پی ٹی آئی منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونے پر پنجاب اسمبلی کی 20 نشستیں خالی ہوئی تھیں۔

پی ٹی آئی منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونے پر پنجاب اسمبلی کی 20 نشستیں خالی ہوئی تھیں۔

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے 20 ڈی سیٹ ارکان اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب کے 20حلقوں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے، جس کے تحت ان 20 حلقوں میں پولنگ 17 جولائی کو ہوگی۔ کاغذات نامزدگی 4 سے 7 جون تک جمع کرائے جاسکتے ہیں، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 11جون کوہوگی، جب کہ الیکشن کمیشن پنجاب اسمبلی کے 20حلقوں میں ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو انتخابی نشان 24جون کو جاری کرے گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے منحرف 25 ارکان پنجاب اسمبلی کی رکنیت ختم

الیکشن کمیشن نے جن حلقوں میں انتخابات کا شیڈول جاری کیا ہے ان میں پی پی 7 راولپنڈی، پی پی 83 خوشاب، پی پی 90 بھکر، پی پی 97 فیصل آباد، پی پی 125 اور 127 جھنگ، پی پی 140 شیخوپورہ، پی پی 202 ساہیوال، پی پی 217 ملتان، پی پی 224 اور 228 لودھراں، پی پی 237 بہاول نگر، پی پی 272 اور 273 مظفرگڑھ، پی پی 282 لیہ، پی پی 288 ڈی جی خان شامل ہے، جب کہ الیکشن کمیشن نے لاہور کے چار صوبائی اسمبلی کے حلقوں کابھی انتخابی شیڈول جاری کردیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: منحرف اراکین کا ووٹ شمار نہیں کیا جاسکتا

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن  نے منحرف ہونے والے پنجاب اسمبلی کے 25 ارکان کے خلاف اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجا گیا تھا اور الیکشن کمیشن نے ریفرنس منظور کرتے ہوئے ان اراکین کو اسمبلی کی نشستوں سے برطرف کردیا تھا، پی ٹی آئی منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونے پر پنجاب اسمبلی کی 20 نشستیں خالی ہوئی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔