عوام نے عمران خان کو زناٹے دار تھپڑ مارا ہے، گونج ہر جگہ سنی گئی، مریم نواز

ویب ڈیسک  بدھ 25 مئ 2022
مریم نواز کی پریس کانفرنس (فوٹو اسکرین گریپ)

مریم نواز کی پریس کانفرنس (فوٹو اسکرین گریپ)

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان ایک زندہ لاش ہے جسے قوم نے آج مسترد کردیا، عوام نے عمران خان کو زناٹے دار تھپڑ مارا جس کی گونج ہر جگہ سنی گئی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نے وزیراعظم سے عمران خان کو گرفتار نہ کرنے کی اپیل کی تھی تاکہ یہ بے نقاب ہوجائے، آج ثابت ہوا کہ عمران خان ایک زندہ لاش کے علاوہ کچھ نہیں ہے کیونکہ اسے ملک بھر کے عوام نے مسترد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں اور بالخصوص پنجاب کے عوام کی شکر گزار ہوں جنہوں نے مسلم لیگ ن کا ووٹ چھین کر حکومت بنانے والوں کو مسترد کردیا۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو آج قوم نے مکمل مسترد کردیا، امید ہے کہ اب شہباز شریف اور اتحادیوں کو حکومت کا مکمل اختیار دیا جائے گا اور وہ مکمل توجہ کے ساتھ ملک کو درست سمت پر لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کی سزا کی شدید مذمت کرتے ہیں، پورے پاکستان کے عوام یاسین ملک کے ساتھ ہے جبکہ پی ٹی آئی نے اس معاملے سے توجہ ہٹانے کیلیے آج کے ہی دن دھرنا رکھا جبکہ مشعال ملک نے بھی عمران خان سے احتجاج ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے دعویٰ کیا کہ پرویز خٹک اور اسد قیصر نے محفوظ راستے کی تلاش کے لیے 2روز قبل ایاز صادق سے رابطہ کیا اور انتخابات کے حوالے سے پیغام پہنچایا مگر نوازشریف نے سفارش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی کے کہنے پر انتخابات نہیں کروائیں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں شاہ محمود قریشی اور اسد عمر بھی موجود تھے، ایازصادق نے نوازشریف سے کہا پی ٹی آئی  والے کہتےہیں کچھ دو کچھ لو پر بات کریں مگر نوازشریف نے ہر بات کو مسترد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے بھی ان کے انقلاب کو مسترد کر دیا، عمران خان کو خیبرپختونخوا سے بھی انتہائی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، رانا ثنا اللہ نے درست کہاعمران خان200 بندے بھی اکٹھے نہیں کرسکا، بس وہ کرسی کی خاطر ملک میں آگ لگانا چاہتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی اور عمران خان کو محفوظ راستہ دیا مگر وہ فتنہ ہے جو ہر صورت انتشار چاہتا ہے، عدلیہ اور اداروں کو بھی اس بارے میں سوچنا چاہیے کیونکہ یہ وہ شخص ہے جو اپنے محسن کو بھی ڈس رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اداروں پر شرمناک حملے کر رہا ہیں، یہ روایت مت ڈالیں کہ جو ڈرائے، دھمکائےگا اسی کے حق میں فیصلہ دیں، عوام کے مسترد کیے جانے کے بعد عمران خان کو مشورہ ہے کہ وہ بنی گالہ جائے اور اور عوام کی جان چھوڑ کر اہلیہ کے ساتھ بیٹھ کر اللہ اللہ کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔