پی ٹی ائی کو سیکٹر ایچ نائن اسلام آباد میں اجتماع کی مشروط اجازت دی ہے، رانا ثنااللہ

ویب ڈیسک  بدھ 25 مئ 2022
رانا ثناء اللہ(فوٹو فائل)

رانا ثناء اللہ(فوٹو فائل)

 اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے تحریک انصاف کے کارکنوں کو ڈی چوک پہنچنے کی کال کو سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کی توہین قرار دے دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ و رہنما مسلم لیگ نواز رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی کارکنوں کے ڈی چوک پہنچنے کی کال پر ردعمل دیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آج کے فیصلے میں پی ٹی ائی کو سیکٹر ایچ نائین اسلام آباد میں اجتماع کی مشروط اجازت دی ہے۔

رانا ثناء اللہ نے عمران نیازی کی پی ٹی آئی کارکنوں کو ڈی چوک پہنچنے کی کال سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے کی توہین قرار دیا اور کہا کہ عمران خان کا ٹریک ریکارڈ ہے کہ اس نے کبھی کسی عدالت اور ادارے کا احترام نہیں کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ڈی چوک آنے والے پاکستان تحریک انصاف کے شرپسند کارکنان نے بلیو ایریا میں درختوں کا آگ لگائی؛ املاک کو نقصان پہنچایا اور وقفے وقفے سے پولیس پر حملہ آور بھی ہورہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کا کام امن وامان کو یقینی بنانا اور شہریوں کے جان ومال کا تحفظ ہے اور پولیس نے مجبوراً ان شرپسندوں کو منتشر کرنے کےلیے آنسو گیس کے شیل استعمال کیے اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈی چوک کو سیل کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔