سعودی عرب واقعہ؛ شیخ رشید کے خلاف مقدمے کی درخواست مسترد

ویب ڈیسک  جمعرات 26 مئ 2022
(فوٹو: اے پی پی)

(فوٹو: اے پی پی)

 اسلام آباد: سعودی عرب میں ہلڑ بازی واقعہ پر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف مقدمے کی درخواست مسترد کردی گئی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں شیخ رشید کے خلاف سعودی عرب میں ہلڑ بازی واقعہ پر مقدمہ کی درخواست کی گئی جس پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

دوران سماعت ریکارڈ کا جائزہ لینے اور فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ سنایا، عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ فیصلہ کی روشنی میں حافظ احتشام کی جانب سے دائر درخواست خارج کرنے کا حکم دیا۔

اس موقع پر پبلک پراسیکیوٹر نے دوران سماعت اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں کا حوالہ دیا تھا۔

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے مسجدِ نبوی میں نعرے بازی کے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ سعودی عرب کے دورے پر جانے والے پاکستانی وفد کے ارکان کی مسجد نبوی میں حاضری کے دوران متعدد افراد نے سیاسی نعرے بازی کی تھی۔ تاہم ویڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد عمران خان نے واقعے کی مذمت نہیں کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔