جناح اسپتال میں دو طلبہ تنظیموں کے درمیان جھڑپ، فائرنگ اور تشدد سے متعدد افراد زخمی

ویب ڈیسک  جمعرات 26 مئ 2022
جناح اسپتال(فوٹو فائل)

جناح اسپتال(فوٹو فائل)

 کراچی: جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کالج (اسپتال) میں دو طلبا تنظیموں کے کارکنوں کے درمیان جھنڈا لگانے پر جھگڑا ہوگیا، اس دوران فائرنگ اور لاٹھی ڈنڈوں کی زد میں آکر متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جناح اسپتال میں دو طلبہ تنظیموں کے درمیان جھنڈا لگانے پر پہلے تلخ کلامی ہوئی جس دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی اور ایک تنظیم کے کارکن کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد مزید افراد وہاں پہنچ گئے اور صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی۔

تصادم کے دوران دونوں جانب سے لاٹھی ڈنڈوں کے علاوہ آتشیں اسلحہ بھی استعمال کیا گیا، ہنگامہ آرائی کے باعث دو افراد فائرنگ سے جبکہ سات افراد لاٹھی ڈنڈوں اور تشدد سے زخمی ہوگئے۔

اسپتال میں ہنگامہ آرامی کے باعث صورتحال کشیدہ ہوئی تو ہر طرف افراتفری مچ گئی اور مریضوں و تیمار داروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور ہنگامہ آرائی کرنے میں ملوث متعدد افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا جب کہ واقعے کی مزید تفصیلات جاری ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ سے دو افراد بائیس سالہ پرویز ولد کلو اور آصف ولد عبدالحسنین زخمی ہوئے جبکہ لاٹھی ڈنڈوں اور تشدد سے سات افراد زخمی ہوئے جنھیں طبی امداد کے لیے اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں منتقل کیا گیا۔

زخمیوں میں تیس سالہ محمد عارف ولد سکندر علی ، پچیس سالہ گلاب ولد اللہ جوریو ، چھبیس سالہ امجد حسین ولد طالب حسین ، بائیس سالہ ارشد علی ولد ذوالفقار علی ، تیئس سالہ ثنا اللہ ولد قدرت اللہ ، تیئس سالہ کاشف ولد عبدالحسین اور اکیس سالہ علی خان ولد ابراہیم خان شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔