بھارتی چوہے بھی چور بن گئے، دکان سے ہزاروں روپے نقدی لے اڑے

ویب ڈیسک  جمعـء 27 مئ 2022
انٹرنیٹ

انٹرنیٹ

نئی دہلی: بھارت میں چوہے بھی دکانوں سے نقدی چرانے لگے، واقعے کی ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کو حیرت زدہ کردیا۔

اکثر کارٹون اور فلموں میں چوہوں کو پنیر(چیز) چراتے تو دیکھا گیا ہے مگر بھارتی چوہوں نے دکانوں سے اصلی نوٹوں کی چوری شروع کردی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دکان سے نقدی چوری ہونے کا واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش میں پیش آیا جہاں ایک شراب کی دکان سے روزانہ رقم غائب ہورہی تھی۔

دکان مالک نے چوری روکنے کےلیے دکان سے کئی ملازمین کو نوکری سے نکالا مگر مسئلہ اپنی جگہ برقرار رہا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ منگل کی صبح دکان مالک دیپک شرما نے دکان کے ایک کونے میں فرش میں کپڑے کا ٹکرا پھنسا ہوا دیکھا۔

دکان دار نے کپڑے کا ٹکرا نکالا تو چور بھی رنگے ہاتھوں پکڑا گیا جو کہ ایک چوہا تھا جو روزانہ دکان بند ہونے کے بعد نقدی چرا کر اپنے بل میں لے جاتا تھا۔

چوہے کے بل سے 11 ہزار 400 روپے نقدی برآمد ہوئی جس میں سے اکثر نوٹ چوہا کتر چکا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔