منشیات برآمدگی کیس : این سی بی نے آریان خان کو کلین چٹ دےدی

ویب ڈیسک  جمعـء 27 مئ 2022
 
 آریان خان کو گزشتہ سال گرفتار کیا گیا تھا(فائل فوٹو)

آریان خان کو گزشتہ سال گرفتار کیا گیا تھا(فائل فوٹو)

ممبئی: این سی بی نے منشیات کیس میں چارج شیٹ دائر کر دی جس میں شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات رکھنے کے الزام میں کلین چٹ دے دی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے منشیات برآمدگی کیس میں اپنی چارج شیٹ پیش کی ہے، جس میں اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گزشتہ سال گرفتار کیا گیا تھا۔

این سی بی کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا جس میں این سی بی نے 14 افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے، تاہم اس میں آریان خان کا نام شامل نہیں ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ این سی بی کی جانب سے پیش کردہ چارج شیٹ میں لکھا ہے کہ  اداکار شاہ رُخ خان کے بیٹے آریان خان اور موہک  جیسوال کے علاوہ تمام ملزمان کے قبصے سے  منشیات  برآمد ہوئی۔

سرکاری نوٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’ایس آئی ٹی کی طرف سے کی گئی تحقیقات کی بنیاد پر 14 افراد کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت شکایت درج کی جا رہی ہے۔ 6 دیگر افراد کے خلاف عدم  ثبوت کی وجہ سے شکایت درج نہیں کی جا رہی ہے‘‘۔

یاد رہے کہ آریان خان نے تقریباً ایک ماہ جیل میں گزارا تھا تاہم بعد ازاں انہیں 1 لاکھ روپے کے ذاتی مچلکےجمع کرانے کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔