سوتیلے بیٹے کے ہاتھوں ماں کے قتل میں سنسنی خیز انکشاف

کورٹ رپورٹر  جمعـء 27 مئ 2022
کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت کے روبرو ملیر سعود آباد میں مقدمے کی سماعت ہوئی۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت کے روبرو ملیر سعود آباد میں مقدمے کی سماعت ہوئی۔ فوٹو : ایکسپریس

 کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے ملیر سعود آباد میں سوتیلے بیٹے کے ہاتھوں ماں کے قتل کے مقدمے میں ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت کے روبرو ملیر سعود آباد میں سوتیلے بیٹے کے ہاتھوں ماں کو قتل کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ دوران تفتیش گرفتار ملزم نے پڑوسی خاتون پر قتل کے لیے اکسانے کا اعتراف کرلیا، ملزم سے تفتیش کے بعد پولیس نے مقتولہ کی پڑوسن خاتون وریحہ کو گرفتار کر لیا۔

مزید پڑھیں؛ کراچی میں سوتیلے بیٹے نے ماں کو نماز کی حالت میں چھری کے متعدد وار سے قتل کردیا

ملزم نے عدالت میں بیان دیا کہ مجھے وریحہ نے قتل کرنے کے لیے اکسایا تھا، میری حقیقی والدہ کے انتقال کے بعد وریحہ میرے والد سے شادی کرنا چاہتی تھی۔ میرے والد نے دوسری شادی کی جس سے وریحہ کو تکلیف پہنچی۔ وریحہ نے مجھے اپنی سوتیلی ماں کیخلاف اتنا اکسایا کہ میں قتل کرنے پر آگیا۔

پولیس نے ملزمہ وریحہ کو عدالت میں پیش کیا، جہاں ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

پولیس کے مطابق مدعی نے بتایا کہ سوتیلے بیٹے نے چھریوں کے پے در پے وار کرکے سوتیلی مان کی جان لے لی تھی، آئے روز گھر میں جھگڑا کیا کرتا تھا۔ چھوٹے بیٹے کی سالگرہ تھی، اظہرہ نے زین کو کیک لانے کے لیے پیسے دیئے لیکن زین کیک کے بجائے چھری لے آیا اور ماں کو قتل کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔