شہباز شریف آئندہ ہفتے ترکی کا دورہ کریں گے، دفتر خارجہ

ویب ڈیسک  جمعـء 27 مئ 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے ترکی کا دورہ کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ وار بریفنگ میں وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ ہفتے دورۂ ترکی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے مزید تفصیلات جلد فراہم کردی جائیں گی۔

علاوہ ازیں عاصم افتخار نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 23 سے 26 مئی تک ڈیوس سوئٹزرلینڈ کا دورہ کیا، اس دوران اُن کے ہمراہ وزیر مملکت خارجہ امور حنا ربانی کھر اور وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تغیر شیری رحمان بھی تھیں۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول نے چینی ہم منصب وانگ ژی کی دعوت پر چین کا پہلا دورہ کیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ نائیجیریا میں اغوا ہونے والے پاکستانی شہری ابوزر کا تعلق ملتان سے ہے جو پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہے، پاکستان نے اس مسئلے کو نائیجیریا کی حکومت کے ساتھ اٹھایا ہے جبکہ نائیجیرین ہائی کمیشن سے بھی ہم مسلسل رابطے میں ہیں۔

یاسین ملک کو دی جانے والی سزا کی مذمت

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی عدالت نے من گھڑت الزامات پر یاسین ملک کو سزا دی جس کی پاکستان شدید مذمت کرتا ہے، ہندوستان نے عالمی انسانی حقوق قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی، اس حوالے سے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر، او آئی سی سیکرٹری جنرل کو خطوط ارسال کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری قیادت اور عوام کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔