علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

 اتوار 29 مئ 2022
30 مئی تا 5جون 2022

30 مئی تا 5جون 2022

برج حمل
سیارہ مریخ،21 مارچ تا20اپریل
پیر اور منگل کو بچوں کے کسی معاملے میں سفر درپیش ہوسکتا ہے۔ بچوں کی کچھ فکریں لاحق ہوسکتی ہیں۔ دو اور تین جون قدرے پرسکون دن ہونے کی امید ہے ہفتہ کی شام یا اتوار کو مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ اس میں قریبی افراد کا کردار ہوسکتا ہے۔ ہفتے کے دن ایک لمحہ ایسا آسکتا ہے کہ آپ جذباتی ہوسکتے ہیں۔ محتاط رہیں۔

برج ثور
سیارہ زہرہ،21اپریل تا 20 مئی
ذہن میں کئی ایام سے جاری مختلف ابہام و الجھاؤ اس ہفتے کم ہونے لگیں گے، آپ کا اعتماد کا گراف اب بہتر ہونے لگے گا۔ اس ہفتے کے آخر تک عطارد اپنے درست مقام پر آجائے گا، مالی امور سے متعلق جاری تعطل اور رکاوٹوں کو دور ہونے کی امید کی جاسکتی ہے۔

برج جوزا
سیارہ عطارد،21مئی تا 21 جون
آپ کا سیارہ جو رجعت کے ساتھ خراب مقام پر تھا وہ اس ہفتے بہتر حالت میں آجائے گا۔ کئی الجھنوں سے نجات ملتی ہوئی نظر آتی ہے، جمعہ کو قوی امکان ہے کہ کیریئر کے حوالے سے کوئی مالی فائدہ ہوسکتا ہے، ابتدائے ہفتہ شریکِ حیات سے تندی تلخی ہوسکتی ہے، لیکن اس ہفتے کے آخر تک وہ دوریاں ختم ہونے کی امید ہے۔

برج سرطان
سیارہ قمر،22جون تا 23 جولائی
ہر ماہ دو دن ایسے ہوتے ہیں کہ جب چاند برج سرطان میں ہوتا ہے اور یہی دو سے ڈھائی ایام آپ کو مہینے بھر کی مثبت توانائی اور اعتماد ملتی ہے، پہلی تا تین جون ایسا ہی ایک مثبت وقت ہوسکتا ہے۔ پرانے دوستوں سے میل ملاقات ہوسکتی ہے۔ آپ کا بزنس پھیلتا پھولتا نظر آتا ہے۔

برج اسد
سیارہ شمس،24جولائی تا 23 اگست
آپ کا ستارہ شمس گیارھویں خانے میں ہے یہ خانہ سعد مانا جاتا ہے۔ گویا یہ وہ پائپ لائن ہے جہاں سے کسی بھی شے کے حصول کا پتا چلتا ہے۔ کیریئر کا سیارہ زہرہ راہو کے ساتھ آچکا ہے آنے والے دنوں میں آپ اپنے آمدن کے ذرائع کو بہتر بناتے ہوئے نظر آتے ہیں، یہ ہفتہ دوسری شادی کے رجحانات بھی لاسکتا ہے۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد،24 اگست تا 23 ستمبر
آپ کا سیارہ عطارد نویں خانے میں ہے، جہاں زہرہ اور راہو موجود ہیں، بیرون ملک سے مالی فائدہ ہوسکتا ہے، کوئی بزنس یا کام بھی شروع ہوسکتا ہے۔ ممکن ہے اس ہفتے آپ کرائے کی یا اعزازی رہائش گاہ حاصل کرنے میں کام یاب ہوجائیں، آپ کی رہائش گاہ تبدیل ہوسکتی ہے۔

برج میزان
سیارہ زہرہ،24 ستمبر تا 23اکتوبر
آپ کا سیارہ آٹھویں خانے میں جاچکا ہے، جہاں آپ کچھ خطرات میں کود پڑنے والے کام کرتے نظر آتے ہیں یا ایسا کہہ لیں کہ کچھ ” بولڈ” فیصلے کر سکتے ہیں۔ ابتدائے ہفتہ تو ممکن ہے زیادہ سازگار نہ ہو، لیکن آخر تک مقدر کا سیارہ ساتھ دینا شروع کردے گا اور آپ اپنے کیے گئے اقدامات کے بہتر نتائج ملتے ہوئے دیکھیں گے۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو،24 اکتوبر تا 22 نومبر
آپ کو کچھ مخالفین کا سامنا ہوسکتا ہے، کچھ حاسدین آپ کے عزت و وقار کو داغ لگانے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ شریکِ حیات کا لب ولہجہ بھی ذہنی اذیت کا باعث ہوسکتا ہے۔ تین جون کو جذبات کے دریا میں طغیانی آسکتی ہے اور غلط فیصلہ کرنے کا اندیشہ ہے، محتاط رہیں۔

برج قوس
سیارہ مشتری،23 نومبرتا 22 دسمبر
مشکلات کا یہ ہفتہ آخری ہوسکتا ہے۔ جاری مسائل اب حل ہونے کی سمت جائیں گے۔ شریکِ تجارت یا مارکیٹ میں معاہدہ کرنے سے پہلے تمام پہلوؤں پر بار بار نظرثانی کرلیں، کوئی شق ایسی ہونے کا اندیشہ ہے کہ جو بعد میں آپ کے بزنس کے لیے مسائل کھڑے کردے۔ چار جون ایک بہتر دن ہوسکتا ہے۔ دلی مراد بر آسکتی ہے۔

برج جدی
سیارہ زحل،23 دسمبر تا 20 جنوری
صحت کچھ متاثر ہوسکتی ہے، گلے اور سانس کی نالیوں میں کچھ مسئلہ ہوسکتا ہے۔ پیر کو مالی فائدہ بھی ہوسکتا ہے اور کسی عزیز دوست سے اچانک ملاقات بھی ہوسکتی ہے، جو آپ کے لیے روحانی سکون اور خوشی کا سبب بنے گی۔ اس ہفتے آن لائن یا بیرون ملک سے منسلک کسی بزنس یا کام میں بھی موقع مل سکتا ہے۔

برج دلو
سیارہ یورنیس،21 جنوری تا 19 فروری
بہت اچھا وقت ہے ، حالات کا نیا باب تیزی سے منظر بدلے گا، سفر ہوسکتا ہے یا آپ کے روابط میں تیزی آئے گی ۔ منگنی یا شادی جیسا کوئی نیا بندھن قائم ہوسکتا ہے۔ اس ہفتے میں ممکن ہے کچھ رکاوٹیں حائل ہوں لیکن اس ہفتے کے آخر تک آپ اپنے مقاصد میں کام یابی کی جانب بڑھتے اور کام یاب ہوتے نظر آتے ہیں۔

برج حوت
سیارہ نیپچون،20 فروری تا 20 مارچ
پہلی جون کوئی لاٹری نما فائدہ ہوسکتا ہے، پہلی سے تین جون تک بڑا مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ اخراجات کم ہوں گے اور آمدن کے نئے راستے کھلیں گے۔ آپ کو بے تحاشا سفر کا سامنا ہوسکتا ہے۔ ہفتہ اور اتوار آپ کا بزنس بھی آپ کو فائدہ دیتا ہوا نظر آتا ہے۔ مجموعی طور پر یہ ہفتہ کافی بہتر نظر آرہا ہے!

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔