بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ نے کارتھک کا دل جیت لیا

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 28 مئ 2022
تینوں فارمیٹ میں ٹاپ پوزیشن پاکستانی کپتان کی منتظر ہے،بھارتی اسٹار ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

تینوں فارمیٹ میں ٹاپ پوزیشن پاکستانی کپتان کی منتظر ہے،بھارتی اسٹار ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

 لاہور: بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ نے دنیش کارتھک کا بھی دل جیت لیا۔

بابر اعظم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں عالمی نمبر ون جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں پانچویں نمبر پر ہیں، ایک انٹرویو میں بھارتی اسٹار کرکٹر دنیش کارتھک نے کہا کہ پاکستانی کپتان تینوں فارمیٹ میں ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمانے والا پہلا بیٹر بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں،مجھے سو فیصد یقین ہے کہ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ بابر اعظم ایک اعلی پائے کے بیٹر اور اس وقت بہترین فارم میں ہیں، تینوں فارمیٹ میں ان کی کارکردگی میں تسلسل نظر آتا ہے، ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پانے کے لیے ان کو میچز بھی کھیلنے کو ملیں گے،انھوں نے عمدہ بیٹنگ سے اپنے ٹیم کے لیے نمایاں کارنامے سرانجام دیے ہیں، وقت کے ساتھ بابر کے کھیل میں مسلسل بہتری آئی ہے، میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔

دنیش کارتھک نے کہا کہ ویراٹ کوہلی، جو روٹ، اسٹیون اسمتھ اور کین ولیمسن نے ایک دہائی تک ٹیسٹ کرکٹ کی دنیا پر راج کیا، ان شاندار 4 بیٹرز کی فہرست میں پانچویں بیٹر کے طور پر بابر اعظم کا نام درج ہونے میں زیادہ وقت باقی نہیں،پاکستانی کپتان کا بیٹنگ کے دوران توازن بہترین ہوتا ہے، وہ فرنٹ اور بیک فٹ پر بہترین اسٹروکس کھیلتے ہیں، سب سے اچھی بات یہ ہے کہ کنڈیشنز اور ضرورت کے مطابق اپنی تکنیک میں مناسب تبدیلی کرنے کا ہنر بھی جانتے ہیں، اسی لیے میں ہمیشہ ان کی بیٹنگ سے لطف اندوز ہوتا ہوں، آئندہ کیریئر میں کئی سنگ میل ان کے منتظر ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔