ہالی ووڈ کی مشہور فلم ’گُڈ فیلاس‘ کے مرکزی اداکار رے لیوٹا چل بسے

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 مئ 2022
حال ہی میں رے لیوٹا نے کرائم تھرلر فلم ’نو سڈن موو‘ میں بھی اداکاری کی تھی(فائل فوٹو)  

حال ہی میں رے لیوٹا نے کرائم تھرلر فلم ’نو سڈن موو‘ میں بھی اداکاری کی تھی(فائل فوٹو)  

نیویارک: معروف امریکی اداکار و پروڈیوسر ’رے لیوٹا‘ 67 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہالی ووڈ کی مشہور زمانہ فلم’گڈ فیلاس ‘ کے مرکزی اداکار رے لیوٹا گزشتہ رات انتقال کر گئے، وہ اپنی فلم کی شوٹنگ کے لئے ڈومینیکن ریپبلک میں موجود تھے۔

آنجہانی اداکار کے نمائندے نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ اداکار کیربیئن ملک میں فلم ’ڈینجرس واٹرز‘ کی عکسبندی کے لیے موجود تھے جہاں سوتے ہوئے وہ انتقال کر گئے۔

واضح رہے کہ رے لیوٹا، مارٹن اسکورسی کی مشہور زمانہ فلم ’گڈ فیلاس‘ میں ’ہینری ہل‘ کا مرکزی کردار ادا کرکے شہرت کی بلندیوں پر پہنچے تھے جس کے بعد انہوں نے کاپ لینڈ، فینکس اور اَمن فارگیٹیبل جیسی کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، حال ہی میں رے لیوٹا نے کرائم تھرلر فلم ’نو سڈن موو‘ میں بھی اداکاری کی تھی۔

یاد رہے کہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا اور رنویر سنگھ سمیت ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کے کئی اداکاروں کی جانب سے رے لیوٹا کی موت پر اظہارِ افسوس کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔