کارکنوں کے قتل کا مقدمہ وزیراعظم اور وزیر داخلہ پر درج کرائیں گے، وزیراعلیٰ کے پی

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 مئ 2022
پی ٹی آئی کارکنوں پرتشدد کا بدلہ لیا جائے گا،وزیراعلی کےپی:فوٹو:فائل

پی ٹی آئی کارکنوں پرتشدد کا بدلہ لیا جائے گا،وزیراعلی کےپی:فوٹو:فائل

 پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے قتل کا مقدمہ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف درج کیا جائےگا۔

کالام میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے آزادی مارچ کے دوران ہمارے پر امن کارکنوں اور بہن بھائیوں پر بدترین تشدد کیا، پی ٹی آئی کارکنوں کے قتل کا مقدمہ وزیراعظم اوروزیرداخلہ کے خلاف درج کیا جائے گا اورامپورٹڈ حکمرانوں سے ان پرہونے والے تشدد کا بدلہ ہرصورت لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے میرے خلاف ایف آئی اے درج کروائی ہے ان کے قلم میں جتنا زور ہے میرے خلاف استعمال کرلیں۔ امپورٹڈ حکومت جتنا بھی تشدد کرے ہم حقیقی آزادی کی جنگ سے پیچھے ہٹنے والے نہیں۔ ہمارے لیڈر عمران خان دوبارہ کال دیں گے تو پہلے سے زیادہ تعداد میں عوام نکلیں گے۔ ہم خان کے سپاہی ہیں کسی سے نہیں ڈرتے۔

وزیراعلی کے پی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پر امن کارکنوں پر جو تشدد ہوا اس کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ یہ ملک اس لئے نہیں بنا تھا کہ چور لٹیرے قوم کے وسائل چوری کرکے بیرون ملک اپنے اثاثے بنائیں۔ پختون قوم کبھی کسی کی غلامی قبول نہیں کرتی ہم اس ملک کو امریکا کی غلامی سے نجات دلائیں گے۔

محمود خان نے کہا کہ امپورٹڈ وزیر اعظم نیب کو مطلوب ہے اور آدھے سے زیادہ کابینہ ضمانت پر ہے۔ امپورٹڈ حکومت نے عوام پر مہنگائی کا پہاڑ گرادیا ہے پٹرول 30 روپے لیٹر اور آٹا 18 روپے فی کلو مہنگا کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ کا کالام میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے کالام میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا اوراسکولوں اورمساجد کو شمسی توانائی فراہم کرنے کا منصوبہ مکمل ہونے کی تقریب میں شرکت کی۔

منصوبے کے تحت صوبے میں 8000 اسکولوں کوشمسی توانائی فراہم کی گئی ہے جس پرساڑھے 4 ارب روپے لاگت آئی ہے جبکہ 4000 مساجد کو شمسی توانائی فراہم کرنے کا منصوبہ ڈھائی ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے تقریباً 4 ارب روپے لاگت کے 88 میگاواٹ کالام گبرال ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی رہائشی کالونی اورکالام میں شاہی کرکٹ اسٹیڈیم کا  کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔اسٹیڈیم کی تعمیر پرلاگت کا تخمینہ 2.8 ارب روپے ہے۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے انجینئرنگ یونیورسٹی کالام کیمپس اورسڑکوں اورپلوں کی تعمیرکے متعدد منصوبوں کا بھی افتتاح کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔