حاجرہ یامین کے ساتھ بازار میں کیا ہوا؟ اداکارہ نے انکشاف کر دیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 مئ 2022
حاجرہ یامین احسن خان کے پروگرام میں بطورِ مہمان شریک ہوئیں(فائل فوٹو)

حاجرہ یامین احسن خان کے پروگرام میں بطورِ مہمان شریک ہوئیں(فائل فوٹو)

کراچی: جنسی ہراسانی کا شکار مرد و عورت کو یکساں تحفظ دینے کےلئے آواز اُٹھانے والی پاکستانی اداکارہ حاجرہ یامین نے اپنےساتھ پیش آئے واقعے پر کھل کر گفتگو کردی۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حاجرہ یامین ایکسپریس انٹرٹینمنٹ پر احسن خان کے پروگرام ٹائم آؤٹ وِد احسن خان میں بطورِ مہمان شریک ہوئیں، میزبان سے گفتگو کے دوران جنسی ہراسانی  کے موضوع پر بات کرتے ہوئے اداکارہ نے خود کے ساتھ پیش آنے والے جنسی ہراسانی کے واقعات پر گفتگو کی۔

میزبان احسن خان نے اداکارہ سے سوال کیا کہ آپ کے ساتھ کبھی کوئی جنسی ہراسانی کا واقعہ پیش آیاہے؟

جس پر اداکارہ نے بتایا کہ ’’ایسا کئی مرتبہ ہو چکا ہے بازار میں 10 ہاتھ لگے ہیں مجھے، میں کس کس کو بتاؤں گی؟ اور اگر بتاؤں بھی تو کوئی یقین نہیں کرتا ، آواز اُٹھاؤ تو کہا جاتا ہے کہ کوئی ثبوت ہے آپ کے پاس؟ اداکارہ نے کہا کہ بھلا ہراسانی کا ثبوت کیسے دیا جائے، میں کیسے بتاؤں کے کس نے مجھے غلط طرح دیکھا یا غلط انداز سے ہاتھ لگانے کی کوشش کی‘‘۔

اداکارہ نے کہا کہ’’ جب میرے ساتھ ایسا ہوا تو میں نے دوسروں کے لئے آواز اُٹھانی شروع کی، کیونکہ اگر کسی بھی عورت یا بچے یا مرد کے ساتھ جنسی ہراسانی کا واقعہ پیش آتا ہے تو کوئی ان کی بات پر یقین نہیں کرتا اور ان سے ثبوت مانگا جاتا ہے‘‘۔

اداکارہ نے کہا کہ’’ میں نے لوگوں کے لئے آواز اُٹھائی اور اب جب کوئی میرے پاس اپنا مسئلہ لے کر آئے چاہے وہ عورت ہو یا مرد میں اس کی سُنتی ہوں اور اس کی بات پر مکمل یقین کرتی  ہوں‘‘۔

شو کے میزبا ن اداکار احسن خان نے کہا کہ’’ ہمارے معاشرے میں اس معاملےپر بات کرنے کو بھی معیوب سمجھا جاتا ہے اور پھر اگر کسی کے ساتھ جنسی ہراسانی کا واقعہ پیش بھی آئے تو وہ بتانے سے گریز کرتا ہے‘‘۔

میزبان احسن خان کا مکمل پروگرام’ٹائم آؤٹ وِد احسن خان ‘ آج رات 9 بجے ایکسپریس انٹرٹینمنٹ پر نشر کیا جائے گا  جس میں احسن خان پاکستان  شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار علی عباس اور حاجرہ یامین سے چٹ پٹے سوالات کرتے نظر آئیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔