برطانیہ؛ پاکستانی نژاد تفہین شریف پہلی مسلم خاتون ڈپٹی میئر بن گئیں

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 مئ 2022
تفہین شریف کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے، فوٹو: فائل

تفہین شریف کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے، فوٹو: فائل

 لندن: پاکستانی نژاد تفہین شریف برطانیہ کے علاقے ٹیمسائیڈ کی پہلی ایشیائی مسلم خاتون ڈپٹی میئر منتخب ہوگئیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والی تفہین شریف برطانیہ کے شہر ٹیمسائیڈ کی ڈپٹی میئر منتخب ہوگئی ہیں۔ تفہین شریف کو 2012 میں سب سے کم عمر نوجوان کونسلر کا اعزاز بھی ملا تھا۔

زمانہ طالب علمی سے سیاست میں حصہ لینے والی تفہین شریف ٹیمسائیڈ سے منتخب ہونے والی پہلی مسلم خاتون ڈپٹی میئر بن گئی ہیں اور اس سے قبل وہ کونسلر بھی منتخب ہوچکی ہیں۔

تفہین شریف کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے۔ ڈپٹی میئر منتخب ہونے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا معاملہ انسانی ہمدردی کا ہے اور اس کے لیے ایک سنجیدہ حل کی ضرورت ہے۔

نو منتخب ڈپٹی میئر کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ہم سب کو اس مسئلے کے حل کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا اور میں ہر فورم پر مسئلہ کشمیر پر بات کروں گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔