ملک ریاض کی آصف زرداری کو عمران خان کا مفاہمت کا پیغام پہنچانے کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 مئ 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 اسلام آباد: معروف بزنس ٹائیکون ملک ریاض اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان تحریک عدم اعتماد سے پہلے کی مبینہ ٹیلی فونک آڈیو گفتگو سامنے آئی ہے، جس میں ملک ریاض پی پی کے شریک چیئرمین کو عمران خان کی جانب سے تصفیے کا پیغام پہنچا رہے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں ملک ریاض نے سابق صدر کو عمران خان کی جانب سے موصول ہونے والے پیغامات اور مفاہمت کے حوالے سے پیغام دیا۔

انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ملک ریاض نے سابق صدر کو فون کیا، جس پر دونوں کے درمیان علیک سلیک ہوئی تو بزنس ٹائیکون نے پی پی کے شریک چیئرمین کو بتایا کہ ’آپ سے بات کرنی تھی، خان کی طرف سے مجھے (آپ کے ساتھ) مفاہمت کے پیغامات آرہے ہیں، وہ اس حوالے سے بہت زیادہ میسج کررہے ہیں۔

سابق صدر نے مبینہ آڈیو میں سُن کر کہا کہ ’اب یہ ممکن نہیں ہے‘ جس پر ملک ریاض نے کہا کہ ’نہیں ٹھیک ہے، بس آپ کے سامنے بات رکھنی اور پیغامات کے بارے میں بتانا تھا‘۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔