پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھنے کے سوا عمران خان نے قوم کو کچھ نہیں دیا، مریم نواز

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 مئ 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

بہاولپور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ہاتھوں گروی رکھنے کے سوا عمران خان نے قوم کو کچھ نہیں دیا۔ 

بہاولپور میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کو بیرونی نہیں بلکہ اندورنی خطرہ ہے اور وہ خطرہ انتشار اور فتنے کا ہے جس کا دوسرا نام ’عمران خان‘ ہے، سوائے مہنگائی کے چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک کو کچھ نہیں دیا۔

’سپریم کورٹ عمران خان کی سیاست سے دور رہے‘

نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ نمبر بدل گیا ہے اس لیے لانگ مارچ ناکام ہونے پر سپریم کورٹ کو آواز دے رہا ہے، سپریم کورٹ کو ادب سے کہنا چاہتی ہوں کہ عمران خان کی سیاست سے دور رہیں، سپریم کورٹ کو غیر جانبدار رہنا ہوگا، کیا عدالتوں کا یہ کام رہ گیا کہ جہاں عمران خان ناکام ہو وہاں وہ مدد کے لیے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے منتیں کرکے اداروں کو سیاست میں گھسیٹتا ہے، پھر انہی اداروں کو گالیاں دیتا ہے، تیاری نہ ہونے کی بات کرنے والے کی آگ لگانے، پولیس والوں پر گولیاں چلانے کی تیاری پوری تھی، آج اس کا دوسرا لانگ مارچ بھی بری طرح ناکام ہوگیا ہے۔

’جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے سے متعلق عمران خان نے جھوٹ بولا‘

مریم نواز نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے سے متعلق عمران خان کے تمام وعدے جھوٹے تھے، جب حکومت بنالی تو جنوبی پنجاب کو پوچھا نہیں لیکن نواز شریف نے لاہور سے نہیں بلکہ بہاولپور سے جنوبی پنجاب کے گورنر کا انتخاب کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی خدمت میں جو کمی رہ گئی ہے وہ تمام کمی کو دور کریں گے اور اسے چمکتا دھمکتا بنائیں گے۔

’نواز شریف نے بھارت کے دھماکوں کے بدلے 6 ایٹمی دھماکے کیے‘

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بھارت کے دھماکوں کے بدلے 6 ایٹمی دھماکے کیے اور یوم تکبیر کا مطلب ہے پاکستان کا کوئی دشمن میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا اور پاکستان کی سرحدیں ہمیشہ کے لیے مضبوط ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرنے کا فیصلہ کیا تو کس کس ملک نے دھمکی اور لالچ نہیں دی، نواز شریف نے کوئی جھوٹا خط نہیں لہرایا اور نہ ہی کسی سازش کا ڈرامہ نہیں کیا، نواز شریف کی جرات کو سلام کہا کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر دم لوں گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔