بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

ویب ڈیسک  اتوار 29 مئ 2022
نوجوانوں کو ضلع اسلام آباد میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا، فوٹو: فائل

نوجوانوں کو ضلع اسلام آباد میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا، فوٹو: فائل

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں جارحیت پسند بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں ایک گھر پر فائرنگ کرکے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع اسلام آباد میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا۔ جارحیت پسند بھارتی فوج کی فائرنگ میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔

قابض بھارتی فوج نے بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے شہید ہونے والے نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا جس پر شہدا کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔

شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت اشفاق احمد غنی اور یاور ایوب ڈار کے نام سے ہوئی ہے۔ حریت رہنما یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کے بعد سے بھارتی فوج کی غیر قانونی کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 12 ہوگئی۔

واضح رہے کہ 4 روز قبل بھارتی عدالت نے دہشت گردی کی معاونت کے الزام میں حضریت رہنما یاسین ملک کو 2 بار عمر قید اور 10 لاکھ بھارتی روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔