مجرم امپورٹڈ حکومت نے آزادی مارچ کے شرکاء کے خلاف پولیس کی وحشت آزمائی، عمران خان

ویب ڈیسک  اتوار 29 مئ 2022
سندھ میں تحریک انصاف کے کارکنان کی چادر و چار دیواری کو پامال کیا گیا، عمران خان۔ فوٹو:فائل

سندھ میں تحریک انصاف کے کارکنان کی چادر و چار دیواری کو پامال کیا گیا، عمران خان۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ مجرم امپورٹڈ حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے ہمارے آزادی مارچ کے شرکاء کے خلاف پولیس کی وحشت آزمائی۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں 25 مئی کو ہونے والے احتجاج اور گرفتاریوں کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ مجرم امپورٹڈ حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے ہمارے آزادی مارچ کے شرکاء کے خلاف پولیس کی وحشت آزمائی، جو ناقابل قبول اور قابل مذمت ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو ہونے والے ہمارے مارچ سے ایک رات قبل پنجاب اور سندھ میں تحریک انصاف کے کارکنان کی چادر و چار دیواری کو پامال کیا گیا اور کارکنان کے اہلِ خانہ کو بھی ہراساں کیا گیا۔

سابق وزیراعظم نے دوسری ٹویٹ میں کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹر ( سی پی این ای) کا صدر منتخب ہونے پر کاظم خان کو مبارک باد دی اور کہا کہ مجھے امید ہے کہ سی پی این ای ذمہ دارانہ صحافت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور لوگوں کے جاننے اور آزادی اظہار کے حق کا تحفظ کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔