نیپال میں لاپتہ طیارے کا ملبہ مل گیا، تمام مسافر ہلاک

ویب ڈیسک  پير 30 مئ 2022
طیارے میں 22 افراد سوار تھے جن میں سے کوئی بھی بچ نہ سکا، فوٹو: رائٹرز

طیارے میں 22 افراد سوار تھے جن میں سے کوئی بھی بچ نہ سکا، فوٹو: رائٹرز

کھٹمنڈو: نیپال کے دارالحکومت سے پرواز بھرنے والے لاپتہ مسافر بردار طیارے کا ملبہ ایک جھیل کے کنارے سے مل گیا، جہاز میں سوار تمام افراد حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیپال میں نجی ایئر لائن کے طیارے نے گزشتہ روز دارالحکومت کھٹمنڈو سے 200 کلومیٹر کی دوری پر پوکھرا کے علاقے سے جوم سوم کے لیے پرواز بھری تھی۔

طیارے میں پائلٹ اور عملے کے 3 ارکان سمیت 22 مسافر سوار تھے۔ مسافروں میں 13 نیپالی، 4 بھارتی اور 2 جرمن شہری شامل تھے۔ پرواز بھرنے کے 15 منٹ بعد ہی جب طیارے کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

اُس وقت 12 ہزار 835 فٹ کی بلندی پر نیپال کے شہر شیکھا پر 267 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر رہا تھا طیارے کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن میں ایک آرمی اور دو نجی ہیلی کاپٹرز نے بھی حصہ لیا۔

طیارے کا ملبہ لامچی جھیل کے کنارے مل گیا تھا تاہم شدید برفباری کے باعث امدادی کاموں کو روکنا پڑ گیا تھا۔ حکام کا کہنا تھا کہ صبح دوبارہ ریسکیو کا کام شروع کیا جائے گا۔

آج صبح سے شروع ہونے والے امدادی کاموں کے دوران اب تک 14 لاشیں نکالی جا چکی ہیں مزید 8 کی تلاش کا کام جاری ہے جو اگلے دن مل گئیں۔

خیال رہے کہ لاپتہ ہونے والے طیارہ 43 سال پرانا ہے جس نے پہلی پرواز اپریل 1979 کو بھری تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔