حکومت میں شامل لوگوں کا غیر فطری اتحاد ہے، ان کی منزل ہے نہ نظریہ، شاہ محمود قریشی    

ویب ڈیسک  اتوار 29 مئ 2022
عمران خان کو نیچا دکھانے کیلیے یہ لوگ یکجا ہو جاتے ہیں، یہ اتحاد ہے زیادہ دیر چل نہیں سکے گا شاہ محمود ۔ فوٹو:فائل

عمران خان کو نیچا دکھانے کیلیے یہ لوگ یکجا ہو جاتے ہیں، یہ اتحاد ہے زیادہ دیر چل نہیں سکے گا شاہ محمود ۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہناہے کہ  کا کوئی نظریہ ہے نہ منزل ہے، یہ عارضی اور غیر فطری اتحاد ہے۔ 

میڈیا سے  بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے قومی اسمبلی میں کچھ بل منظور کروائے، مخصوص ٹولے نے اپنے مفادات کے لئے یہ ترامیم کئے ہیں، انہوں نے انسداد کرپشن کے معاملے کو نیب قانون کی ترمیم میں دفن کردیا، من پسند نتائج حاصل کرنے کیلئے الیکشن رولزمین تبدیلی کی گئی، فیٹف کی 24 ترامیم وہی ہیں جو ہم نے دی تھیں، نیب ترامیم وہی ہیں جو یہ لوگ ہم سے این آر او ٹو مانگ رہے تھے، سیکشن 9 سب سیکشن اے 5 کے ڈائریکٹ بینیفشری وزیر اعظم ہوں گے، صاف نظر آرہا ہے کے ترمیم کن کو فائدے دینے کے لیے کی گئی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ترامیم کے بعد نیب کا محکمہ عملی طور پر بے معنی ہوگیا ہے، نیب کو اینٹی کرپشن پنجاب یا ایف آئی اے بنانے کی کوشش کی گئی ہے، اس ترمیم میں اس کی جھلک نظر آتی ہے، نیب کے انڈر ٹرائل کیسز بھی متاثر ہوئے ہیں، اور 80 فیصد کیسز نیب سے دیگر کورٹس کی طرف منتقل ہو جائیں گے، نیب قانون میں تبدیلی سے یہ سب اس کے شکنجے سے آزاد ہوگئے، انہوں نے اپنے مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کی، سپریم کورٹ کو اس پر از خود نوٹس لینا چاہیے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ منی لانڈرنگ کیسز کو اس ترمیم سے متاثر کیا گیا ہے، چیئرمین نیب کے گرفتاری کے اختیار کو بھی اس کی شرائط سے ختم کیا گیا ہے، قانون کی نوک پلک کرنے کا اختیار بھی صدر کے بجائے وفاق کو دے دیا گیا ہے، پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ اسفند یار ولی کیس کو سامنے رکھتے ہوئے اس کیس کو اٹھائیں، عمران خان نے قانونی ٹیم کو اجازت دے دی ہے کہ اس کو چیلنج کریں۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق بھی پسند نہیں آیا، پی ٹی آئی نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا تھا جو حکومت نے واپس لے لیا، ہماری نظر میں اوورسیز پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں، اتحادیوں نے مل کر ان کی اہمیت کو دفن کیا ہے، ان کا کوئی نظریہ ہے نہ منزل ہے، یہ عارضی اور غیر فطری اتحاد ہے، یہ گروپ عمران خان کو نیچا دکھانے کیلئے جمع ہوئے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔