بدن میں چربی نوٹ کرنے والا دستی اسکینر

ویب ڈیسک  پير 30 مئ 2022
’مارووٹو زیڈ ون‘ دنیا کا پہلا دستی الٹرساؤنڈ اسکینر ہے جو پیٹ اور اطراف کی چربی کی مقدار نوٹ کرسکتا ہے۔ فوٹو: بشکریہ انڈی گوگو

’مارووٹو زیڈ ون‘ دنیا کا پہلا دستی الٹرساؤنڈ اسکینر ہے جو پیٹ اور اطراف کی چربی کی مقدار نوٹ کرسکتا ہے۔ فوٹو: بشکریہ انڈی گوگو

  واشنگٹن: فربہ مرد و زن اپنی بڑھتی ہوئی توند سے پریشان رہتے ہیں اور اب جیب میں سما جانے والا الٹراساؤنڈ اسکینر ان کے بدن میں چربی کی مقدار بتاتا ہے اور ساتھ ہی ایک ایپ چکنائی گھلانے طریقے اور ورزش بھی بتاتی رہتی ہے۔

اسے حقیقی وقت میں تصویر کشی اور الٹرا ساؤنڈ کی مدد سے چربی نوٹ کرنے والا دنیا کا پہلا دستی (پورٹیبل) آلہ قرار دیا گیا ہے۔ اس وقت کراؤڈ فنڈنگ ویب سائٹ ’انڈی گوگو‘ پر اس کی تشہیر جاری ہے۔ اسکینر کے نتائج براہِ راست اسمارٹ فون ایپ پر دیکھے جاسکتے ہیں اور یوں الگورتھم جسمانی چربی میں کمی یا اضافے کی خبر بھی دیتا رہتا ہے۔

ایپ یہ بھی بتاتا ہے کہ جسم کے کس مقام پر خالص چربی کی تہہ کتنی موٹی ہے۔ جو خواتین و حضرات چربی کم کرنے کے لیے ورزش، غذا اور علاج کے اثرات جاننا چاہتے ہیں تو مارووٹو زیڈ 1 سے بڑھ کر مددگارآلہ کوئی اور نہیں ہوسکتا ۔

نتیجہ دو سیکنڈ میں

پیٹ اور اطراف کے چربی بھرے حصے پر آپ الٹراساؤنڈ جیل لگائیں اور آلے کو وہاں رکھ کر گھمائیں اور دو سیکنڈ میں چربی کی مقدار اسمارٹ فون پر ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ اسے محفوظ رکھ کر آپ چربی کم کرنے کا موازنہ بھی کرسکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ورزش سے چربی میں کمی کو براہِ راست دیکھ کر وزن کم کرنے کی مزید تحریک پیدا ہوتی ہے۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ کمپنی آپ کو وزن کم کرنے اور چربی گھٹانے کے کئی آسان اور قابلِ عمل طریقے بھی بتاتی ہے جو ایپ پر ظاہر ہوتے رہتے ہیں۔

اس آلے کی قیمت 140 سے 200 ڈالر کے درمیان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔