صدرمملکت کی سی پی این ای کے نو منتخب صدر کاظم خان اور دِیگر عہدیداران کو مبارک باد

ویب ڈیسک  اتوار 29 مئ 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے نو منتخب صدر کاظم خان، سینئر نائب صدر ایاز خان اور دِیگر عہدیداران کو سالانہ انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ سی پی این ای کی نو منتخب قیادت فیک نیوز اور بلا تصدیق خبروں کی اشاعت اور فروغ کے تدارک کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

ایوان صدر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے زور دیا کہ نوجوان نسل کو سوشل میڈیا کے مثبت استعمال اور فیک نیوز کی پہچان کے بارے میں آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سی پی این ای کی قیادت میں میڈیا خصوصی افراد کی فلاح و بہبود، خواتین کے حقوق کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں موجود سماجی برائیوں سے نمٹنے کے لیے لوگوں کی اخلاقی تربیت کرنےکی ضرورت ہے، سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے میڈیا اعلیٰ اخلاقی اقدار اور اسلامی تعلیمات کو فروغ دے۔

صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ سی پی این ای کی نئی قیادت اپنی سماجی ذمہ داریوں کو بھرپور انداز میں ادا کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔