حمزہ شہباز نے ایک لاکھ روپے جرمانہ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرادیا

ویب ڈیسک  پير 30 مئ 2022
حمزہ شہباز نے وزیراعلی پنجاب کے الیکشن کے خلاف درخواستوں پر تحریری جواب بھی جمع کرا دیا۔

حمزہ شہباز نے وزیراعلی پنجاب کے الیکشن کے خلاف درخواستوں پر تحریری جواب بھی جمع کرا دیا۔

 لاہور: حمزہ شہباز نے وزیراعلی پنجاب کے الیکشن کے خلاف درخواستوں پر ایک لاکھ روپے جرمانہ اور تحریری جواب لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں وزیراعلی پنجاب کے الیکشن کے خلاف تحریک انصاف اور پرویز الٰہی سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ حمزہ شہباز نے تحریری جواب جمع کراتے ہوئے درخواستوں کو جرمانے کے ساتھ خارج کرنے کی استدعا کردی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ وزیراعلی کا الیکشن ہائیکورٹ کے آرڈرز کی روشنی میں بالکل آئین و قانون کے مطابق ہے اور سپریم کورٹ کی جانب سے آرٹیکل 63  اے کی تشریح سے قبل ہوا، قانون کے مطابق سپریم کورٹ کی تشریح کا وزیر اعلی کے الیکشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، کیونکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا اطلاق ماضی سے نہیں ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ میں جواب جمع نہ کروانے پر وزیراعلیٰ پنجاب کو ایک لاکھ روپے جرمانہ

حمزہ شہباز نے کہا کہ سابق گورنر عمر چیمہ کی جانب سے وزیراعلیٰ کے الیکشن سے متعلق چھان بین غیر قانونی تھی،سیکرٹری اسمبلی کے پاس بھی الیکشن سے متعلق انکوائری کا کوئی اختیار نہیں، وزیراعلی کے الیکشن کے خلاف درخواستوں کو جرمانے کے ساتھ خارج کیا جائے۔

عدالتی حکم پر پنجاب حکومت نے بھی جواب جمع کرا دیا۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا کہ عدالت سے درخواست ہے جرمانے کو ریکارڈ کا حصہ نہ بنائیں یہ افسران کی نوکری کا معاملہ ہے ۔ عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل کی استدعا منظور کر لی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔