عمران خان اورآصف زرداری نے لیک آڈیوکی تردید نہیں کی، وزیراعلی سندھ

ویب ڈیسک  پير 30 مئ 2022
صدر مملکت عارف علوی اپنے اختیارات کا غلط استعمال کررہے ہیں،مراد علی شاہ:فوٹو:فائل

صدر مملکت عارف علوی اپنے اختیارات کا غلط استعمال کررہے ہیں،مراد علی شاہ:فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ نہ عمران خان اورنہ ہی آصف زرداری نے لیک آڈیو کی تردید کی ہے۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان اور زرداری صاحب کی لیک آڈیو کو درست سمجھتا ہوں۔ عمران خان اور زرداری صاحب نے آڈیو کی تردید نہیں کی۔ عمران خان تقریر میں اسلامی ٹچ دیتے ہیں کلمہ پڑھ کر کہہ دیں کہ انہوں نے ملک ریاض سے رابطہ نہیں کیا۔شاہ محمود قریشی نے آڈیو کی تردید کی کیا وہ اس موقع پر موجود تھے۔

مزید پڑھیں : ملک ریاض کی آصف زرداری کو عمران خان کا مفاہمت کا پیغام پہنچانے کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی

مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ نیب اور انتخابی اصلاحات بلز پارلیمنٹ کے جوائنٹ سیشن میں پاس کیے گئے۔صدر مملکت کا عہدہ قابل احترام ہے لیکن اب صدر مملکت اپنے اختیارات کا غلط استعمال کررہے ہیں۔  ڈاکٹر عارف علوی  پی ٹی آئی کے  ورکر نہ بنیں۔ آئین کے مطابق صدر وزیراعظم کی تجویز پر عمل کرنے کا پابند ہے اگر10 روزبعد تک وزیراعظم کی تجویز نہیں مانی جاتی تو آئین کے مطابق اس تجویز پر عملدرآمد شروع ہو جاتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے نیب قوانین میں ترامیم کیں جن سے انتقامی مقدمے بن سکتے تھے۔ نیب کا طریقہ کار یہ تھا کہ 10،10 سال کیس چلتا تھا۔نیب کے حوالے سے ترامیم کردی گئی ہیں اب غلط کیس بنانے پرنیب افسران کو5 سال کی سزا ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔