سوڈان کے فوجی حکمراں کا ملک بھر میں ایمرجنسی کے خاتمے کا اعلان

ویب ڈیسک  پير 30 مئ 2022
سوڈان کے آرمی چیف نے گزشتہ برس اکتوبر میں حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا، فوٹو: فائل

سوڈان کے آرمی چیف نے گزشتہ برس اکتوبر میں حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا، فوٹو: فائل

خرطوم: سوڈان کے حکمراں اور آرمی چیف عبدالفتاح البرہان نے 7 ماہ بعد ملک بھر میں نافذ کردہ ایمرجنسی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سوڈان کے آمر حکمراں عبدالفتاح البرہان نے گزشتہ برس اکتوبر میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی تھی تاہم اب 7 ماہ بعد ایمرجنسی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

سیاسی بحران کے شکار سوڈان میں اپریل 2019 میں طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والے  78 سالہ عمرالبشیر کی عوامی احتجاجی مہم کے بعد معزولی کے بعد سے کوئی حکومت کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکی ہے۔

یاد رہے کہ عمر البشیر بھی فوجی بغاوت کے نتیجے میں ہی 1989 میں حکومت میں آئے تھے۔

یہ خبر پڑھیں : سوڈان میں فوجی بغاوت، وزیراعظم اور متعدد وزرا گرفتار 

گزشتہ برس اکتوبر میں ایک بار پھر فوجی بغاوت ہوئی جس کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور وزیراعظم کو بھی گھر پر نظر بند کردیا گیا تھا تاہم بعد میں غیرملکی دباؤ پر رہا کردیا گیا تھا۔

سوڈان میں اب تک امن و امان کی حالت بہتر نہیں ہوسکی ہے، دو روز قبل بھی دارالحکومت خرطوم میں سکیورٹی فورسز کی مظاہرین کے خلاف کارروائی میں 2 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : سوڈان میں فوجی بغاوت کے بعد سے لاپتہ وزیراعظم گھر پہنچ گئے 

اقوام متحدہ اور افریقی یونین نے بحران کے شکار ملک کی سیاسی قوتوں اور فریقین پر تمام معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔