’کملی‘ کے پریمیئر کے دوران صبا قمر آبدیدہ، ویڈیو وائرل ہوگئی

ویب ڈیسک  منگل 31 مئ 2022
شوبز شخصیات کی جانب سے صبا قمر کے لئے کھڑے ہوکر تالیاں بجائی گئیں(فائل فوٹو)

شوبز شخصیات کی جانب سے صبا قمر کے لئے کھڑے ہوکر تالیاں بجائی گئیں(فائل فوٹو)

کراچی: پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر اپنی آنے والی فلم ’’کملی‘‘ کے پریمیئر کے دوران خوب سراہے جانے پر آبدیدہ ہوگئیں۔

آنے والی فلم ’کملی‘ کے پریمیئر کے دوران اداکارہ صبا قمر کی جانب سے رونے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے، جس کے بعد ٹوئٹر پر بھی ان کا نام ٹرینڈ کر رہا ہے۔

اس فلم کا پریمیئر 29 مئی کی رات کراچی میں منعقد ہوا جس میں فلم ساز اور کاسٹ سمیت دیگر شوبز شخصیات نے شرکت کی، پریمیئر کے دوران بہترین اداکاری کرنے پر شوبز شخصیات کی جانب سے صبا قمر کے لئے کھڑے ہوکر تالیاں بجائی گئیں اور خوب سراہا گیا جس کے بعد اداکارہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہوگئیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں صبا قمر کو پریمیئر کے اختتام پر روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ فلم ساز سرمد کھوسٹ ان کی ہمت باندھ رہے ہیں اور انکے آنسو صاف کر کے اداکارہ کو گلے لگاتے ہیں۔ جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے صبا قمر کے رونے کو ڈراما قرار دیتے ہوئے،  سرمد کھوسٹ کے ساتھ گلے ملنے کو ’بیہودگی‘ قرار دیا ہے۔


اداکارہ اور فلم ساز کے گلے ملنے پر لوگوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں کے اس عمل کو غلط قرار دیا اور ساتھ ہی صبا قمر کے لباس پربھی شدید تنقید کی۔

یاد رہے کہ ورسٹائل اداکارہ صبا قمر کی فلم کملی 3 جون کو سینیما گھروں کی زینت بنے گی، فلم کی کاسٹ میں صبا قمر، ثانیہ سعید، عمیر رانا، عدیل افضل اور نمرہ بُچہ سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔