ملک میں بجلی کے شارٹ فال کے باعث غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ 12گھنٹے تک پہنچ گئی

ویب ڈیسک  منگل 31 مئ 2022
شہری علاقوں میں 10 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 12 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

شہری علاقوں میں 10 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 12 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

 اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار500 میگاواٹ سے تجاوز کر گیا جس کے باعث بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ 12 گھنٹے تک پہنچ گئی ہے۔

توانائی ڈویژن کے ذرائع کے مطابق اس وقت ملک میں بجلی کی طلب 26 ہزار میگاواٹ جبکہ مجموعی پیداوار صرف 19 ہزار310 میگاواٹ ہے۔

پانی سے 4 ہزار 855 میگاواٹ، سرکاری تھرمل پلانٹس 1 ہزار205 جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 9 ہزار 323 میگاواٹ ہے، اسی طرح ونڈ پاور پلانٹس 1ہزار398، سولر پلانٹس سے 111 اور بگاس سے چلنے والے پلانٹس 164 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔

ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ جوہری ایندھن سے 2ہزار 254 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے، بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، شہری علاقوں میں 10 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 12 گھنٹے کی بجلی کی بندش سے عوام سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔