حکومت سیاست میں ناشائستہ زبان کیخلاف ضروری اقدامات کرے، پشاور ہائیکورٹ

ویب ڈیسک  منگل 31 مئ 2022
ٹاک ٹاک تو ایک طرف آج کل سیاسی لیڈرشپ بھی ناشائستہ زبان استعمال کررہی ہے، چیف جسٹس قیصر رشید خان

ٹاک ٹاک تو ایک طرف آج کل سیاسی لیڈرشپ بھی ناشائستہ زبان استعمال کررہی ہے، چیف جسٹس قیصر رشید خان

پشاور ہائیکورٹ نے ہدایت کی ہے کہ حکومت سیاست میں ناشائستہ زبان کیخلاف ضروری اقدامات کرے۔

ہائیکورٹ نے ٹک ٹاک پرغیراخلاقی مواد شیئر ہونے کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ پی ٹی اے کے وکیل نے بتایا کہ ٹک ٹاک پر لاکھوں کی تعداد میں غیراخلاقی مواد کو بلاک کیا گیا ہے، فلٹریشن عمل کو مزید سخت کیا گیا ہے،غیر اخلاقی مواد شیئر کرنے والے لاکھوں لوگوں کو وارننگ دی گئی ہے۔

پی ٹی اے وکیل نے کہا کہ غیر اخلاقی مواد روکنے کے لیے ماہرین بھرتی کئے گئےہیں، ویڈیوزاپ لوڈ ہونے سے پہلے جانچ پڑتال جاتی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ اب بھی بہت سی چیزیں اپ لوڈ ہورہی ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بعض چیزیں پی ٹی اے کے دائرہ اختیارمیں بھی نہیں ، ٹاک ٹاک تو ایک طرف آج کل سیاسی لیڈرشپ بھی ناشائستہ زبان استعمال کررہی ہے، تقاریرمیں وہ شائستگی نہیں رہی جو پہلے ہوتی تھی، حکومت کو اس حوالے سے بھی کچھ کرنا چاہیے اور ضروری اقدامات کئے جائیں۔

عدالت نے ٹک ٹاک سے متعلق رٹ پٹیشن نمٹا دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔