وزیراعظم شہباز شریف تین روزہ دورے پر ترکی پہنچ گئے

ویب ڈیسک  منگل 31 مئ 2022
وزیراعظم

وزیراعظم

 اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف تین روزہ سرکاری دورے پر ترکی پہنچ گئے۔

منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا ترکی کا یہ پہلا دورہ ہے۔ وزرا، معاونین خصوصی اور اعلی سطحی حکومتی وفد بھی ان کے ہمراہ ترکی پہنچا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کو ایسن بوعا ائیر پورٹ انقرا پر ترک فوج کا چاک و چوبند دستہ گارڈ آف آنر پیش کر رہا ہے، جس کے بعد وزیراعظم کی صدر رجب طیب اردوان سے بالمشافہ ملاقات ہوگی جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت کا انعقاد ہوگا۔

پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوﺅں کا جائزہ لینے کے علاوہ دونوں رہنما علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے، بعداز اجلاس شہباز شریف اور طیب اردوان میڈیا سے مشترکہ خطاب کریں گے، جس کے بعد صدر اردوان وزیراعظم کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ رواں برس پاکستان اور ترکی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی پچھترویں (75) ویں سالگرہ بھی منائی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔